1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اوتار‘ ایک مرتبہ پھر دنیا بھر کے سنیماؤں میں

27 اگست 2010

معروف ہدایت کار جیمز کیمرون کی بلاک بسٹر فلم ’اوتار‘ امریکہ میں آج ایک مرتبہ پھر ریلیز کی جا رہی ہے۔ فلم وہی ہے لیکن اسے نام دیا گیا ہے، ’اوتار: اسپیشل ایڈیشن‘، جو اس مرتبہ نو منٹ کی اضافی فوٹیج کے ساتھ پیش کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/OxO0
تصویر: 20th Century Fox

جیمز کیمرون نے گزشتہ برس ’اوتار‘ ریلیز کی، تو اس وقت 3D ٹیکنالوجی سے آراستہ سنیما گھروں کی تعداد ان کی خواہش کے مطابق نہیں تھی، جو اس فلم کا تھری ڈی ورژن دکھا سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ اب فلم سٹوڈیوز ٹوئنٹیتھ سنچری فوکس ’اوتار: اسپیشل ایڈیشن‘ ریلیز کر رہا ہے۔ اس مرتبہ یہ فلم آئی میکس تھری ڈی تھئیڑز اور ڈیجیٹل تھری ڈی کی سہولت والے سنیماؤں میں ہی پیش کی جائے گی۔

اوتار کو پہلے ہی فلمی تاریخ کی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلم قرار دیا جا چکا ہے، جسے دُنیا بھر میں ٹکٹوں کی فروخت سے دو ارب 70 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے۔

امریکہ میں آباد کینیڈین ہدایتکار جیمز کیمرون سے جب پوچھا گیا کہ وہ اس فلم کا اسپیشل ایڈیشن کیوں ریلیز کر رہے ہیں جبکہ پہلی فلم ہی بہت خوب ہے، تو انہوں نے کہا، ’اس کی چند وجوہات ہیں۔ کچھ اضافی فوٹیج ہے اور میرا خیال ہے، شائقین اسے دیکھنا پسند کریں گے۔‘

Regisseur James Cameron
جیمز کیمرونتصویر: AP

کیمرون نے اس کی دوسری وجہ بتاتے ہوئے خیال ظاہر کیا کہ شائقین اس فلم کو تھری ڈی تھئیٹرز میں دیکھنا پسند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ’اوتار‘ ریلیز کی گئی، تو اس سے پہلے ہی ’ایلس اِن ونڈرلینڈ‘ کے لئے تمام تھری ڈی تھئیٹرز بُک کر لئے گئے تھے، جس کی وجہ سے ’اوتار’ زیادہ تھری ڈی سنیماؤں میں پیش نہیں کی جا سکی۔‘

خبررساں ادارے روئٹرز نے جیمزکیمرون سے پوچھا کہ اس فلم سے پہلے ہی بہت پیسہ بنایا جا چکا ہے اور وہ مزید کتنا کمانا چاہتے ہیں؟ اس پر کیمرون نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ہم پیسہ کھینچنے والی بلائیں ہی تو ہیں۔ پھر انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے بلکہ پیسہ بنانے کو تو ایک اچھا کاروبار کہا جاتا ہے اور پھر اگر لوگوں کو وہ کچھ دیا جائے، جو وہ چاہتے ہیں، تو یہ تو ایک خدمت ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی