1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اولمیرٹ کے خلاف الزامات: عدالتی کارروائی کا آغاز

17 اپریل 2010

سابق اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمیرٹ کے خلاف بدعنوانی کے ایک مقدمے کی عدالتی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کے ساتھ اُن کو رشوت ستانی کے نئےالزامات کا بھی سامنا ہے۔ اس حوالے سے بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/Myny
سابق اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمیرٹتصویر: AP

سابق اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمیرٹ کے خلاف بدعنوانی کے ایک مقدمے کی عدالتی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کے ساتھ اُن کو رشوت ستانی کے نئےالزامات کا بھی سامنا ہے۔ اس حوالے سے بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ایہود اولمیرٹ کو ایک امریکی تاجر سے ہزاروں ڈالر وصول کرنے کے الزام کا سامنا ہے۔ ابھی اُس مقدمے کی کارروائی مکمل نہیں ہوئی کہ ایک اور الزام نے سر اٹھا لیا ہے۔ اسی الزام کے تحت انہوں نے عملی سیاست کو جہاں خیرباد کہا، وہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ نئے الزامات کی میڈیا پر بازگشت سننے کے بعد ایہود اولمیرٹ نے اپنا یورپی دورہ مختصر کردیا تھا۔

اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے اُس دور رشوت وصول کی، جب وہ یروشلم کے میئر تھے۔ اولمیرٹ دس برس تک اس منصب پر فائز رہے۔ اُس کے بعد وہ سیاست کے قومی دھارے میں شریک ہوئے۔ اُن پر یروشلم میں پرتعیش ہاوسنگ پراجیکٹ اور ہولی لینڈ کی ابتدائی منظوری کے دوران بھاری رشوت وصول کرنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Blick auf Ost Jerusalem
ایہود اولمیرٹ دس برس تک یروشلم کے میئر رہےتصویر: picture-alliance/ dpa

سابق اسرائیلی وزیر اعظم نے پہلے سے ریکارڈ شدہ اپنے ایک تازہ بیان میں خود کو بے گناہ قرار دیا ہے۔ اِس تمام معاملے کو اولمیرٹ نے ذرائع ابلاغ کی قیاس آرائیاں قرار دیا ۔ انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اُن کو کسی بھی شکل اور کسی بھی انداز میں رشوت پیش نہیں کی گئی اور نہ ہی انہوں نے براہ راست یا کسی اور اندازمیں وصول کی۔ اولمیرٹ نے پولیس کی پوچھ گچھ پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

ہولی لینڈ ہاؤسنگ پراجیکٹ میں بلڈنگ پرمٹ کے اجراء میں لاکھوں ڈالر کی رشوت دیے جانے کا معاملہ اسرائیلی میڈیا پر بڑے زور شور سے سنائی دے رہا ہے۔ اِن مالی بے ضابطگیوں کی تفصیلات اُس عدالتی فیصلے کے بعد سامنے آئی ہیں، جس کے تحت ہولی لینڈ معاملے پر عائد پابندی ختم کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے اولمیرٹ کے اُس دور کے نائب ناظم اور بعد میں میئر بننے والے قدامت پسند رابی اری اوپو لیانسکی کو پچھلے بدھ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ انہوں نے تقریباً چار لاکھ ڈالر کی رشوت سن انیس سو ننانوے میں وصول کی تھی اور دوسری رشوت کی رقم بعد میں اُن کے میئر کے دور میں دی گئی تھی۔ لوپو لیانسکی سن دو ہزار آٹھ تک یروشلم کے میئر تھے۔ اسی طرح اولمیرٹ کے ایک وکیل ساتھی اری میسر کو بھی پولیس نے حراست میں لیا تھا لیکن اُن کو عدالت کی جانب سے جمعرات کو رہائی مل گئی تھی۔

ہولی لینڈ پراجیکٹ تاحال زیر تعمیر ہے۔ اِس کے قلعہ نما بلند و بالا اور دائرہ نما گنبدوں والی عمارت پر اب بھی یروشلم کے شہری حیران ہیں کہ کیسے اِس کی تعمیر کی اجازت دی گئی ہے۔ اِس پراجیکٹ کی تعمیر کا آغاز سن 1990ء میں کردیا گیا تھا لیکن باقاعدہ اجازت سن 1999ء میں دی گئی تھی۔ دوسرے تعمیراتی پراجیکٹوں میں بھی مالی بے ضابطگیوں کی چھان بین کا مطالبہ اب زور پکڑ گیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید