1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوپرا ہدایت کار وولف گانگ واگنر کی یاد میں تقریب

12 اپریل 2010

معروف جرمن اوپرا ہدایت کار وولف گانگ واگنر کے انتقال کے 3 ہفتے بعد اتوار 11 اپریل کو ان کے شہر بائے روئتھ کے مشہور زمانہ فیسٹیول اوپرا ہاؤس میں موسیقی کی ایک تقریب کے ساتھ انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/MtBp
تصویر: AP

اس تقریب میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل، صوبے باویریا کے وزیر اعلیٰ وارسٹ زے ہوفر اور واگنر کی بیٹیاں Eva اور Katherina مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شامل ہوئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر یواخم تھیرے نے 90 سال کی عمر میں انتقال کرنے والے اس عظیم جرمن فنکار کی شخصیت اور ان کے کارناموں کے بارے میں تقریر کی۔ وولفگانگ واگنر کو اوپرا اور موسیقی سے لگاؤ اور اس شعبے میں قدرتی ٹیلنٹ دراصل ورثے میں ملا تھا۔ ان کے پر دادا فرانس لسٹ اور ان کے دادا رچرڈ واگنر کے نام سے یورپی موسیقی کی تاریخ کے درخشاں ستاروں کی حیثیت رکھتے ہیں۔

Flash-Galerie Wochenrückblick KW 12 2010 Wolfgang Wagner gestorben
وولف گانگ واگنر کے مداح اس کتاب میں اپنے تاثرات لکھتے ہیںتصویر: picture alliance / dpa

حقيقت يہ ہےکہ مشہور موسيقار رچرڈ واگنر کے آخری پوتے وولفگانگ واگنر کے دور ميں بائے روئتھ کا ميلہ، نجی آرٹ کی نمائش سے ترقی کرکے ايک کامياب ثقافتی ادارہ بن گيا۔

دوسری عالمی جنگ کے بعد وولف گانگ واگنر نے موٹر سائيکل پر پورے جرمنی کا دورہ کيا تاکہ بائے روئتھر ميلے کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے معاون اور سرپرست مل سکيں۔ سن 1951 سے لے کر سن 2008 تک وولف گانگ واگنر بائے روئتھ کے ميلے اور تھيٹر کے ڈائریکٹر رہے۔ مارچ سن 1999 ميں وولف گانگ واگنر نے اپنے جانشين کے انتخاب کا عمل شروع کرنے کو منظور کرليا۔ يکم ستمبر سن 2008 ميں جانشينی کے اس انتخاب کی منظوری دے دی گئی۔ تب سے بائے روئتھ کے سر سبز و شاداب مقام پر واقع ’فیسٹیول اوپرا ہاؤس کا انتظام واگنر کی دونوں بیٹیاں ايوا اورکاتھرينا سمبھال رہی ہیں۔

رپورٹ کشور مصطفی

ادارت عاطف توقیر