1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوپل کے لئے واشنگٹن اور برلن متفقہ کوشش پر تیار

عاطف بلوچ18 مارچ 2009

جرمن وزیر اقصادیات کارک تھیوڈور سو گوٹین بُرگ نے اعلی امریکی رہنماوں سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ اگرچہ امریکہ کی طرف سے پیش کئے جانے والے تمام منصوبے غیر واضح ہیں تاہم پھر بھی انہیں امید کی ایک کرن نظر آئی ہے۔

https://p.dw.com/p/HEUh
جرمن وزیر اقتصادیات کارل تھیوڈور سو گوٹین برگ اوپل کو بچانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیںتصویر: AP

امریکی سیکرٹری خزانہ ٹیموتھی گائتھنر سے ایک اہم ملاقات کے بعد سُوگوٹین بُرگ نے کہا کہ واشنگٹن اور برلن امریکی کار ساز ادارے جنرل موٹرز اور اس کے جرمن زیلی ادارے اوپل کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لئے متفقہ کوششوں پر متفق ہو گئے ہیں۔

سُو گوٹین بُرگ نے جرمن ٹیلی وژن کو دئے گئے ایک انٹر ویو میں گائتھنر کے ساتھ اپنی ملاقات کو اہم ترین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گو ابھی کوئی ٹھوس بات سامنے نہیں آئی ہے تاہم وہ پر امید ہیں کہ یہ معاملہ خوش اسلوبی سے سلجھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل موٹرز کی طرف سے صدر باراک اوباما کی نئی انتظامیہ کو کوئی ٹھوس ریکوری پلان دینے کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔

اس سے قبل سُو گوٹین بُرگ نے جنرل موٹرز کے اعلی عہدیدارن کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا تھا کہ جنرل موٹرز مشکلات میں گھرے اپنے ذیلی جرمن کارساز ادارے اوپل کو بچانے کےلئے تعاون کرنے پر تیار ہے۔

Timothy Deithner Bildergalerie Kabinett
امریکی سیکرٹری خزانہ ٹیموتھی گائتھنر نے کہا کہ واشنگٹن ، برلن کے ساتھ ملکر اوپل اور جنرل موٹرز کو بچانے کی کوشش کرے گاتصویر: AP

سُوگوٹین بُرگ نے کہا کہ جنرل موٹرز کے اعلی افسران سے ملاقات کے دوران الزام اور جوابی الزام کا سلسلہ روک کر دونوں فریقین نے اس معاملے کو سنجیدگی سے حل کرنے کا عزم کیا ہے ۔ جرمن حکومت اوپل کو مالیاتی تحفظ فراہم کرنے پر غور کررہی ہے۔ تاہم اس سلسلے میں ابھی برلن حکومت تحفظات رکھتی ہے۔ برلن حکومت کا مطالبہ ہے کہ اگر جرمن حکومت اوپل کو مالی تحفظ فراہم کرتی ہے تو جرمن ٹیکس ادا کرنے والے افراد کا پیسہ امریکہ منتقل نہیں ہونا چاہئے۔

سُو گوٹین بُرگ نے کہا کہ انہوں نے امریکی حکام سے اس بات کی گارنٹی مانگی ہے کہ اوپل کو امدادی طور پر دی جانے والی رقم کو جنرل موٹرز پر نہ خرچ کیا جائے۔ انہوں نے کہا اگرچہ امریکہ کی طرف سے پیش کئے گئےتمام منصوبے غیر واضح ہیں تاہم انہیں امید کی کرن نظر آ رہی ہے۔

اوپل نے دیوالیہ پن سے بچنے کے لئے حکومت سے تقریبا تین اعشاریہ تین بلین یورز کی درخواست کی ہے ۔ موٹر ساز ادارہ اوپل صرف جرمنی میں26 ہزار افراد کو روزگار فراہم کرتا ہے جبکہ یوروپ بھر میں 50 ہزار سے زائد افراد اس ادارے سے منسلک ہیں۔