1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

او ایس سی ای کی سربراہی سمٹ کا آج سے آغاز

1 دسمبر 2010

یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم او ایس سی ای کی سربراہی سمٹ میں شرکت کے لئے امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن قازق د ارالحکومت آستانہ پہنچ گئی ہیں۔ یہ دو روزہ سمٹ یکم اور دو دسمبر کو منعقد کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/QMOh
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: AP

یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم او ایس سی ای کی سربراہی سمٹ ایسے وقت میں منعقد کی جا رہی، جب وکی لیکس کے انکشافات کے بعد امریکی سفارتی تعلقات کے بارے میں بحث کافی زیادہ گرم ہو چکی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وکی لیکس کے انکشافات کے بعد ہلیری کلنٹن اس سمٹ کے دوران امریکی سفارتی ساکھ کو بہتر بنانے کی کوشش بھی کریں گی۔

اس دو روزہ سمٹ میں کئی دیگر اہم شخصیات کے علاوہ اٹھائیس سربراہان ریاست اور دس سربراہان مملکت بھی شرکت کریں گے۔ ناقدین کے مطابق یہ سمٹ واشنگٹن حکومت کو اپنے بین الاقوامی سفارتی تعلقات میں ممکنہ تلخی کو ختم کرنے کے لئے ایک اچھا موقع فراہم کر سکتی ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل بھی اس سمٹ میں شرکت کے لئے آستانہ پہنچ چکی ہیں۔

OSZE Logo
یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم کی آخری سربراہی سمٹ سن 1999ء میں استبول میں منعقد کی گئی تھی

منگل کو قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ پہنچنے کے بعد طالب علموں سے اپنے خطاب میں امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا، ’ گزشتہ ہفتے کے دوران میں نے دنیا بھر کے رہنماؤں سے رابطے کئے ہیں اور میں یہ سلسلہ جاری رکھوں گی۔‘

وکی لیکس کے تازہ ترین انکشافات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’یہ افسوسناک ہے، جومعلومات خفیہ ہی رہنی چاہئے تھیں وہ افشا کر دی گئی ہیں۔‘

دوسری طرف اس سمٹ کے آغاز سے ایک روز قبل قزاقستان کے انسانی حقوق کے ایک گروپ نے کہا ہے کہ آستانہ کو او ایس سی ای کی چیئرمین شپ ملنے کے بعد وہاں انسانی حقوق کی صورتحال میں مزید ابتری پیدا ہوئی ہے۔ رواں سال ہی آستانہ حکومت کو اس تنظیم کی قیادت سونپی گئی تھی، جس کے رکن ممالک کی تعداد 56 ہے۔

او ایس سی ای تنظیم کی اس سمٹ کے دروان رکن ممالک عالمی سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے اور دہشت گردی و منظم جرائم کے خاتمے کے علاوہ علاقائی تنازعات کے حل کے لئے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ اس تنظیم کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ رکن ممبران اپنے اپنے ممالک میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بناتے ہوئے جمہوریت کی اقدار کو مضبوط بنائیں۔

یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم کی آخری سربراہی سمٹ سن 1999ء میں استبول میں منعقد کی گئی تھی۔ اس مرتبہ اس سمٹ سے اس لئے بھی توقعات کچھ زیادہ رکھی جا رہی ہیں کیونکہ یہ سمٹ گیارہ برس بعد منعقد کی جا رہی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید