1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اِرما، امریکی تاریخ کا مہنگا ترین طوفان ثابت ہو سکتا ہے‘

7 ستمبر 2017

کیٹیگری پانچ کے طاقتور طوفان اِرما کی زد میں آ کر کم از کم دس افراد ہلاک اور تیئیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ طوفان اتوار کے روز امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا سکتا ہے اور کافی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2jWgc
Irma Hurricane Karibik
تصویر: Getty Images/G. Van

بحیرہ کریبیئن کی مختلف متاثرہ جزیروں کے لیے فرانس اور ہالینڈ کی جانب سے امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے۔ آج جمعرات سات ستمبر کی علی الصبح امریکا سے غیر متحد شمال مشرقی کیریبیئن کے مختلف علاقوں اور پورٹو ریکو سے ٹکرانے کے بعد بھی اس طوفان کی شدت میں کمی واقع نہیں ہوئی۔

ابھی بھی اس طوفان کے ساتھ چلنے والے جھکڑوں کی رفتار تقریباً تین سو کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

امریکا کے سمندری طوفانوں سے متعلق مرکز نے پیش گوئی کی ہے کہ  ارما اتوار کے روز کسی وقت امریکی ریاست فلوریڈا تک پہنچ جائے گا۔ فلوریڈا کے گورنر رِک اسکاٹ کے مطابق انہوں نے جمعے کے روز سے نیشنل گارڈز کے سات ہزار فوجیوں کو امدادی کاموں کے لیے جمعے کے روز سے متحرک کر دینا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اِرما نامی یہ طوفان اب سے 25 برس قبل آنے والے سمندری طوفان اینڈریو سے کہیں زیادہ بڑا، تیز اور طاقتور ہے۔ اینڈریو کے سبب ریاست فلوریڈا کے جنوبی حصوں میں شدید تباہی ہوئی تھی۔

ماہرین کو خدشہ ہے کہ اِرما میامی سے لے کر جیکس وِلے تک ریاست فلوریڈا کی پوری مشرقی ساحلی پٹی پر شدید تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے بعد یہ طوفان جورجیا اور کیلیفورنیا کے گنجان آباد علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔

Puerto Rico Hurrikan Irma
اس طوفان کے ساتھ چلنے والے جھکڑوں کی رفتار تقریباً تین سو کلومیٹر فی گھنٹہ ہےتصویر: Reuters/A. Baez

میامی یونیورسٹی میں طوفانوں سے متعلق معاملات کے ماہر برائن میک نولڈی نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا، ’’یہ امریکی تاریخ کا سب سے زیادہ مہنگا طوفان ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اس طوفان سے ہونے والی تباہی پر نظر دوڑائی جائے تو یہ بہت کچھ کہہ رہا ہے۔‘‘