1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی سے مہاجرین کی ملک بدری میں تیزی کا منصوبہ

عاطف بلوچ، روئٹرز
1 جنوری 2017

اطالوی حکومت نے تارکین وطن کے حوالے سے سخت اقدامات کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ اب غیرقانونی طریقے سے اٹلی پہنچنے والوں کی ملک بدری میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2V6do
Italien Flüchtlinge aus Eritrea fliegen nach Schweden Flughafen Ciampino
تصویر: Reuters/R. Casilli

اطالوی حکومت ایسے مہاجرین کو ڈی پورٹ کرنے میں تیزی لا سکتی ہے، جنہیں ملک میں رہنے کی اجازت نہ ملی ہو، یعنی جن کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو گئی ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نئی اطالوی حکومت ملک میں مہاجرین کے نئے حراستی مراکز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ غیرقانونی تارکین وطن کو ان کے آبائی ممالک بھیجنے کے اقدامات میں بھی تیزی لا رہی ہے۔

روئٹرز کے مطابق اطالوی پولیس کے سربراہ فرانکو گابریئلی کی جانب سے ملک بھر کے تھانوں کو ایک نیا دو صفحاتی ہدایت نامہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں تحریر ہے کہ غیرقانونی تارکین وطن کی شناخت اور انہیں ان کے آبائی ممالک بھیجنے کے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔

روئٹرز نے ملکی پولیس کے سربراہ کی جانب سے جاری کردہ اس ہدایت نامے کے حوالے سے لکھا ہے کہ پولیس کو مہاجرین کے بہاؤ کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے خاتمے اور عدم استحکام اور خطرات سے نمٹنے کے لیے ’غیرمعمولی اقدامات‘ کرنے چاہییں۔ اس ہدایت نامے کے مطابق، ’’چیک کیجیے اور غیرقانونی افراد کو ملک سے نکال دیجیے۔‘‘

Rettungsaktion von Ärzte ohne Grenzen Mittelmeer
اٹلی میں گزشتہ برس قریب ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد تارکین وطن پہنچےتصویر: DW/K. Zurutuza

اطالوی وزیر داخلہ مارکو مینیتی بھی ملک میں نئے حراستی مراکز کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جہاں سیاسی پناہ کے ناکام درخواست دہندگان کو ملک بدری سے قبل رکھا جائے گا۔ روم حکومت کا یہ اقدام اس کی جانب سے یورپی یونین کی رکن ریاستوں سے مہاجرین کا بوجھ بانٹنے کے بارہا مطالبات نہ سنے جانے کے تناظر میں سامنے آ رہا ہے۔

دسمبر کے وسط میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے پاؤلو جینٹیلونی کی جانب سے مہاجرین کے حوالے سے حکومتی پالیسی میں تبدیلی کا یہ سب سے بڑا مظہر ہے۔ اٹلی کو گزشتہ برس بحیرہء روم سے ملک میں داخل ہونے والے غیرقانونی تارکین وطن کی ریکارڈ تعداد کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر اعظم جینٹیلونی اس حوالے سے سخت موقف کے حامل ہیں۔

یہ بات اہم ہے کہ برلن میں گزشتہ ماہ کی 19 تاریخ کو ایک کرسمس مارکیٹ پر ٹرک سے حملہ کرنے والا مشتبہ ملزم انیس عامری بھی تیونس سے کشتی ہی کے ذریعے اٹلی پہنچا تھا۔ یہ حملہ آور برلن حملے کے بعد فرار ہو کر اطالوی شہر میلان پہنچ گیا تھا، جہاں وہ ایک مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔