1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایئر انڈیا ملازمین کی ہڑتال، بھارتی حکومت کی برہمی

26 مئی 2010

بھارت میں ہوا بازی کے شعبے کے وزیر نے فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے ملازمین کی ہڑتال کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ اس ہڑتال کی وجہ سے بھارت میں ایئر انڈیا کی متعدد پرازویں تعطل یا تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/NXvb
ہڑتال کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہےتصویر: AP

ایئر انڈیا کے ملازین کی جانب سے ہڑتال کی کال ایک ایسے موقع پر دی گئی ہے، جب چند ہی روز قبل اسی فضائی کمپنی کا ایک مسافر بردار طیارہ بھارتی شہر منگلور میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ ہفتے کے روز جہاز کی تباہی کے واقعے میں 158 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ایئر انڈیا کے تقریباً پندرہ ہزار ملازین کی اس ہڑتال نے اس فضائی کمپنی کی سروسز کو بڑے حد تک مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ بھارتی وزیر برائے ہوا بازی امور پرافُل پٹیل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ ایسے وقت میں، جب ایئر انڈیا کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے، ملازمین اپنی کمپنی کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہونے کی بجائے پڑتال میں مصروف ہیں۔

اُنہوں نے کہا:’’ایئر انڈیا کے ملازمین کوایک خاندان کے افراد کی طرح برتاؤ کرنا چاہئے اور کوشش کرنی چاہئے کہ وہ بہتر سے بہتر کام کریں۔ صرف جہاز کے حادثے سے متاثر ہونے والی فیمیلیز کے لئے ہی نہیں بلکہ ایئر لائن کے برانڈ کی مضبوطی کے لئے بھی تاکہ اس فضائی کمپنی کو ڈوبنے سے بچایا جا سکے۔‘‘ اُنہوں نے کہا کہ ملازمین کے غیر ذمہ دار حلقوں نے بغیر کسی پیشگی نوٹس کے ایک غیر قانونی قدم اٹھایا ہے۔

Air India Flugzeuge
گزشتہ برس ایئر انڈیا کے پائلٹوں نے بھی ہڑتال کی تھیتصویر: AP

بدھ کے روز ایئر انڈیا ملازمین کی ہڑتال کے باعث کمپنی نے 14 بین الاقوامی پروازوں سمیت مجموعی طور پر 76 پروازیں منسوخ کر دیں۔ منگل کے روز ہڑتال کے پہلے روز تقریباً 50 پروازیں منسوخ ہوئی تھیں۔ ممبئی، نئی دہلی، بنگلور، چنئی اور کولکتہ سے شروع ہونے والی پروازوں پر اس ہڑتال کا زیادہ اثر پڑا ہے۔

ایئر کارپوریشن ایمپلائیز یونین سے وابستہ ویوِک راؤ نے بین الاقوامی خبر رساں اداروں سے بات چیت میں کہا کہ ہڑتال جاری رہے گی اور مزدور یونین کسی دباؤ میں نہیں آئے گی:’’ہڑتال پورے ملک میں جاری رہے گی اور اِس سلسلے میں ہر طرح کا دباؤ برداشت کیا جائے گا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کمپنی کے اعلیٰ حکام گانگ آرڈر واپس لیں۔‘‘

ایئر انڈیا کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے گانگ نامی کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا، جس کے تحت ملازمین کو کسی صحافتی ادارے سے بات چیت اور جہاز کے حادثے یا اس کی تصاویر تک رسائی سے روکا گیا ہو۔

گزشتہ برس ستمبر میں ایئر انڈیا کے پائلٹوں نے بھی پانچ روزہ ہڑتال کی تھی۔ گزشہ مالی سال میں ایئر انڈیا نے 55 اعشاریہ پانچ بلین روپے کے نقصان کا اعلان کیا تھا۔ خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ رواں برس اس فضائی کمپنی کو تقریباً 54 بلین روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں