1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایبٹ آباد میں تباہ ہونے والے امریکی ہیلی کاپٹر کا جائزہ نہیں لیا، چین

18 اگست 2011

چین نے ایسی تمام تر خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ اسے پاکستانی حکومت نے اس ہیلی کاپٹر کے معائنے کی اجازت دی تھی، جو اسامہ بن لادن کی ہلاکت کی کارروائی میں تباہ ہو گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/12Ib7
تصویر: picture-alliance/dpa

بدھ کو بیجنگ حکومت نے ایک مختصر بیان میں ایسی تمام رپورٹوں کو رد کر دیا کہ چینی ماہرین نے جدید تکنالوجی سے لیس اس بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کا جائزہ لیا تھا، جو دو مئی کو پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے خلاف کی گئی کارروائی میں تباہ ہو گیا تھا۔ اس کارروائی میں دو امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا تھا۔

چینی وزرات دفاع کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا، ’ یہ رپورٹیں بالکل بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے‘۔ یہ بیان چینی وزرات دفاع کی ویب سائٹ www.mod.gov.cn پر جاری کیا گیا۔

فنانشل ٹائمز نے اتوار کو اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ اسلام آباد حکومت نے چینی ماہرین کو تباہ ہونے والے جدید ہیلی کاپٹر تک رسائی دی تھی جبکہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے اسلام آباد حکومت سے درخواست کی تھی کہ تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے ملبے کو خفیہ اور محفوظ رکھا جائے۔

Aiman al-Sawahiri
ایمن الظواہری اور اسامہ بن لادنتصویر: dapd

فنانشل ٹائمز نے امریکی فوجی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ چینی انجنیئرز اور ماہرین نے سٹیلتھ تکنالوجی سے لیس تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا مکمل جائزہ لینے کے علاوہ اس کی تصاویر اور نمونے بھی لیے۔ اس جدید ہیلی کاپٹر میں ایسی تکنالوجی استعمال کی گئی تھی ، جس کی وجہ سے وہ راڈار کی زد میں نہیں آتا تھا۔

دوسری طرف خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک اعلیٰ امریکی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس بات کے امکانات ہیں کہ پاکستان نے چین کو اس تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا جائزہ لینے کی اجازت دی ہو گی تاہم اس اہلکار نے اس بات کی تصدیق نہیں کی تھی۔

پیر کو پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی نے بھی ایسی تمام تر رپورٹوں کو مسترد کیا تھا۔ امریکی کمانڈوز کی طرف سے پاکستان کی سر زمین پر اس خفیہ آپریشن کے بعد پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں سرد مہری پیدا ہو گئی تھی تاہم مئی کے دوران ہی امریکی سینیٹر جان کیری کے دورہ پاکستان کے بعد پاکستان نے اس تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ امریکہ کے حوالے کر دیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں