1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایجبسٹن ٹیسٹ کا تیسرا دن

8 اگست 2010

پاکستان کی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز کی شکست سے بچنے کی کوشش میں ہے اور اس کوشش میں کپتان سلمان بٹ آؤٹ ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/OeiK
انگلینڈ کے کرکٹر ایجبسٹن میدان پرتصویر: AP

ایجبسٹن ٹیسٹ کے تیسرے دن چائے کے وقفے تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے ہیں۔ اس سے قبل ہفتے کے روز انگلینڈ کی ٹیم سعید اجمل کی عمدہ بولنگ کے سامنے 251 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سعید اجمل نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کل پاکستان نے جب اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو کپتان سلمان بٹ کوئی رن بنائے بغیر ہی جیمز اینڈرسن کے گیند پرانگلش کپتان اینڈریو سٹراؤس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے روز کے اختتام تک عمران فرحت دس جبکہ اظہر علی پانچ کے انفرادی سکور پر ناٹ آؤٹ تھے۔

اگرچہ انگلینڈ کی پہلی اننگز کے دوران پاکستان نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا اوربری فیلڈنگ کے باجود بھی انگلینڈ کو 251 رنز پر آؤٹ کر دیا لیکن پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ کل کھیل کے اختتام تک بھی 160 تھا، جو پاکستانی بلے بازوں کے لئے نقسیاتی حوالے سے پہاڑ جتنا بنا ہوا تھا اور خدشہ تھا کہ وہ اس بوجھ تلے دب ہی نہ جائیں۔ اگر تمام کیچ پکڑے جاتے تو انگلینڈ کی ٹیم صرف 122 رنز پر ڈھیر ہو سکتی تھی۔

Pakistan Kricket Team in England
پاکستانی فیلڈر پہلے ٹیسٹ میچ کے دورانتصویر: ap

دوسرے دن کے کھیل میں بارش نے خلل ضرور ڈالا لیکن کیون پیٹرسن اس صورتحال میں کافی خوش قسمت ثابت ہوئے۔ بری فارم کا مظاہرہ کرنے والے انگلش کھلاڑی کو تین مرتبہ زندگی ملی، جس کی بدولت وہ 80 رنز کرنے کے قابل ہوئے۔ بعد ازاں انہوں نے خود اعتراف کیا کہ یہ اننگز ان کے لئے کوئی اچھی ثابت نہیں ہوئی تاہم انہوں نے کہا کہ یہ اننگز ان کی بری فارم کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔ پیٹرسن کو سعید اجمل کے ’دوسرا‘ کا شکار ہوئے اور باؤلر نے خود ہی ان کا کیچ پکڑا۔

جوناتھن ٹراؤٹ نے پراعتماد اننگز کے ساتھ 55 رنز بنائے۔ وہ عمرامین کی گیند پر متبادل کھلاڑی یاسرحمید کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد سابق کپتان کولنگ ووڈ کے علاوہ کوئی بھی انگلش کھلاڑی پاکستانی بولنگ کا سامنا نہ کر سکا۔ کولنگ ووڈ نے 28 رنز بنائے۔

چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اس وقت انگلینڈ کو پاکستان پر ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں