1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایجپٹ ایئر کے جہاز میں ممکنہ طور پر دھماکا ہوا، فورنزک ماہر

افسر اعوان24 مئی 2016

ایجپٹ ایئر کی فلائٹ 804 کی تباہی کے مقام سے ملنے والی انسانی باقیات سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس جہاز کی تباہی کی ممکنہ وجہ اس میں ہونے والا دھماکا ہو سکتا ہے۔ یہ بات ایک سینیئر مصری فورنزک ماہر نے کہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Itbf
تصویر: picture-alliance/Russian Look/V. Vorono

اس مصری اہلکار نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’منطقی وضاحت تو یہی ہے کہ ایک دھماکا اس جہاز کی تباہی کی وجہ بنا۔‘‘ یہ اہلکار ماہرین کی اُس مصری ٹیم کا حصہ ہےجو ایجپٹ ایئر کی اس پرواز کی تباہی کی تحقیقات کر رہا ہے۔ پیرس سے قاہرہ جانے والے اس جہاز پر عملے سمیت 66 افراد سوار تھے۔ یہ اہلکار تباہ شدہ جہاز کے مقام سے ملبے والی انسانی باقیات کا بذات خود مشاہدہ کر چکا ہے اور اس نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو یہ بات اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی کیونکہ وہ معلومات دینے کا مجاز نہیں ہے۔

اس اہلکار کے مطابق اب تک قاہرہ لائے جانے والی 80 انسانی باقیات بہت چھوٹے ٹکڑوں پر مشتمل ہیں، ’’ان میں ایک جسم کا کوئی ایک مکمل حصہ بھی نہیں ہے جیسے ایک بازو یا ایک سر۔‘‘ اہلکار کا مزید کہنا تھا، ’’مگر میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ دھماکے کی وجہ کیا بنی۔‘‘ اس اہلکار نے یہ بھی نہیں بتایا کہ جہاز کے ملنے والے ملبے سے کسی دھماکا خیز مواد کے کوئی نشانات بھی ملے ہیں یا نہیں۔

اس جہاز کی تباہی کی وجہ ابھی تک نامعلوم ہے
اس جہاز کی تباہی کی وجہ ابھی تک نامعلوم ہےتصویر: picture-alliance/dpa/K.Elfiqi

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس ماہر کے ان الفاظ سے گزشتہ ہفتے ہونے والے حادثے کے حوالے سے نئی ڈرامائی وضاحت سامنے آئی ہے۔ اس جہاز کی تباہی کی وجہ ابھی تک نامعلوم ہے۔ اس جہاز کے بلیک باکسز ابھی تک نہیں ملے ہیں جبکہ اس جہاز کے ملبے کی جو تصاویر اختتام ہفتہ پر مصری ملٹری کی طرف سے جاری کی گئیں اُن سے یہ محسوس نہیں ہوتا کہ وہ آگ سے متاثر ہوئے ہوں۔

مصری ماہرین کی طرف سے قبل ازیں کہا جا چکا ہے کہ ان کے خیال میں اس طیارے کی تباہی کی ممکنہ وجہ تیکنیکی خرابی کی بجائے دہشت گردی یا کوئی اور تباہ کن وجہ ہے۔ جبکہ بعض ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ یونانی وزیر دفاع کی طرف سے جاری ہونے والی معلومات سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس طیارے میں دھماکا ہوا یا پھر کاک پِٹ کے اندر جدوجہد ہوئی۔ تاہم ابھی تک کوئی ایسی ٹھوس شہادت نہیں ملی جس سے اس طیارے کی تباہی کی اصل وجہ واضح ہوتی ہو۔