1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

ایدھی کی سالگرہ،  گوگل کا خراج عقیدت

بینش جاوید
28 فروری 2017

گوگل نے عبدالستار ایدھی کو ان کی 89ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ’رحمت کا فرشتہ‘ کہا ہے اور لوگوں سے التجا کی ہے کہ وہ آج ایدھی کی زندگی کو یاد کرتے ہوئے مدد کے سلسلے کو آگے بڑھاتے رہیں۔

https://p.dw.com/p/2YN0q
Google Screenshot
تصویر: Google

عبدالستار ایدھی نے پاکستان میں دنیا کی سب سے بڑی رضاکارانہ ایمبولنس نیٹ ورک کی بنیاد رکھی تھی۔ ایدھی نے بیس برس کی عمر سے نہ صرف لاکھوں پاکستانیوں بلکہ بیرون ملک بھی امدادی سرگرمیاں سرانجام دی ہیں۔ ایدھی سے پیار کرنے والے آج اُنہیں اُن کی 89 ویں سالگرہ پر یاد کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سرچ انجن گوگل نے ایدھی کو سادہ شلوار قمیض پہنے دکھایا ہے۔ ان کے آس پاس ایدھی ایمبولنس ہے، ہسپتال، ایک بچہ اٹھائے ایک عورت اور یہاں تک ایک کتا بھی دکھایا گیا ہے۔ ایدھی انسانوں کے خدمت گار تو تھے ہی وہ جانوروں کا شیلٹر بھی چلاتے تھے۔

گوگل کی جانب سے عبداستار ایدھی کو دیے گئے خراج عقیدت کو نہ صرف پاکستان بلکہ امریکا، آئس لینڈ، پرتگال، سوئیڈن، یونان، نیو ذی لینڈ، جاپان، ایسٹونیا، برطانیہ، جنوبی کوریا، اور آئرلینڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

ایدھی کی پیدائش 28 فروری 1928 کو ہوئی تھی۔ طویل علالت کے بعد گزشتہ برس جولائی میں ان کا انتقال ہو گیا تھا۔ انہیں بیرون ملک علاج کروانے کی پیش کش کی گئی تھی لیکن وہ آخری دم تک پاکستان ہی میں رہے۔ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں لوگ ان کا بے پناہ احترام کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا سب سے بڑا سماجی کارکن اور خدمت گار ٹھہراتے ہیں۔

آج پاکستان میں سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ ایدھی سب سے زیادہ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ کئی افراد ان کی وفات کے بعد ان کی پہلی سالگرہ پر انسانیت کے لیے ان کی بے پناہ خدمات کو یاد کر رہے ہیں۔ ٹوئٹر پر مامون نامی صارف نے ایدھی کے حوالے سے لکھا،’’ میرا مقصد صرف انسانیت کی خدمت کرنا ہے، میری زندگی کا ہر دن بہترین دن ہے۔‘‘

ٹوئٹر پر ہی مریم نامی صارف نے لکھا،’’ ایدھی کا مذہب انسانیت تھا، وہ زمین پر فرشتہ تھے، ہزاروں لوگوں کی زندگیاں بچانے کا شکریہ۔‘‘

پاکستانی صوبے پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا،'' یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ گوگل نے ہمارے عظیم سماجی کارکن ایدھی کی خدمات کا اعتراف عالمی سطح پر کیا ہے۔‘‘

گوگل نے اپنے ویڈیو پیغام میں لکھا ہے کہ ایدھی نے سن 1951 میں ایدھی فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی جو زیادہ تر عام افراد کی دی گئی امداد سے چلائی جاتی تھی ۔ آج ان کے کام کو یاد کرتے ہوئے مدد کا ہاتھ دوسروں تک بڑھائیں۔‘‘  

   

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں