1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران میں کھانا بنانے کے غیرملکی پروگرام بند

7 فروری 2011

ایران کے سرکاری ٹی وی پر غیر ملکی کھانے بنانے کے شوز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ ایرانی عوام کی غیر صحتمدانہ کھانوں کی جانب بڑھتی رغبت روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10CU9
تصویر: AP

میڈیا رپورٹوں کے مطابق قدامت پرستوں کے اصرار پر یہ قدم ایرانی کلچر پر مغربی ممالک کی اثر اندازی روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

ایران کی ایک معتدل ویب سائٹ اور چند دیگر خبر رساں اداروں کی جانب سے دی گئی ایک رپورٹ کے مطابق ایران کے سرکاری براڈ کاسٹ ادارے کے نائب سربراہ علی درابی کے مطابق ’ تمام غیر ایرانی کھانے پکانے کی ترکیبیں بتانے والے پروگراموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے‘۔

Restaurants im Iran Flash-Galerie
یہ پابندی ایران میں فاسٹ فوڈ کلچر کو قابو کرنے کے لیے لگائی گئی ہےتصویر: Armin Amini

ایرانی ٹی وی چینلز پر دن کے اوقات میں دکھائے جانے والے وہ کوکنگ شوز نہایت مقبول تھے جن میں مختلف ایرانی پکوانوں کے علاوہ غیر ملکی کھانوں کی ترکیبیں بھی سیکھائی جاتی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی عوام میں اطالوی، چینی اور بھارتی کھانے بے انتہا پسند کیے جاتے ہیں اور حکومت نے یہ قدم، معاشرے میں تیزی سے پروان چڑھتے فاسٹ فوڈ کلچر اور غیر صحتمدانہ کھانوں کی جانب رغبت سے روکنے کے لیے اٹھایا ہے۔

ایران میں پرائیویٹ ٹی وی چینلز پر پابندی عائد ہے، تاہم ایرانی گھروں کی چھتوں پر سیٹلائٹ ڈش انٹینا کی بھرمار نظر آتی ہے۔ ان سیٹلائٹس کے ذریعے درجنوں چینلز فارسی زبان میں دن بھر سیاسی اور تفریحی پروگرام پیش کرتے ہیں۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید