1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران کا اقوام متحدہ سے خطے میں امریکی مداخلت روکنے کا مطالبہ

4 اپریل 2011

خلیجی ممالک کی حکومتوں نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بحرین اور کویت کے معاملات میں مداخلت کے ذریعے خطےمیں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

https://p.dw.com/p/10nC8
تصویر: AP

خلیجی ممالک تنظیم گلف کارپوریشن کونسل کے وزرائے خارجہ کی جانب سے اتوار کے روز ایک بیان جاری کیا گیا، جس کے مطابق خطے میں ایران کی جانب سے بیجا مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس بیان میں ایران کی شیعہ حکومت کو گلف کارپوریشن کونسل کی سنی حکومتوں کے خلاف بغاوت کو ہوا دینے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

Dossierbild 1 Iran Sanktionen
ایران نے بحرین اور کویت میں مغربی مداخلت کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

دوسری طرف ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے آج پیر کے روز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا ہےکہ وہ مختلف خطوں میں امریکہ اور یورپ کی دخل اندازی روکنے کے لیے اقدامات کریں۔

یہ بات ایرانی صدر کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے کہا ہے: "خطے کے دوسرے ممالک میں امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی دخل اندازی، فکرمندی پیدا کرنے کے علاوہ حالات کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔"

ویب سائٹ کے مطابق ایرانی صدر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے کہا ہے کہ وہ خطے میں عراق اور افغانستان جیسے مصیبت زدہ حالات دوبارہ پیدا ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات کریں۔

Bahrain Proteste Unruhen Demonstrationen März 2011 Flash-Galerie
بحرین کی شیعہ اکثریت کی جانب سے سنی حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیںتصویر: AP

احمدی نژاد کا کہنا تھا: " اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل موجودہ مسائل کو مکالمے اور مفاہمت کے ذریعے حل کرنے میں اپنا تاریخی اور فیصلہ کن کردار ادا کریں۔" احمدی نژاد نے مزید کہا: "مغربی ممالک کا بحرین اور لیبیا میں اختیار کیا گیا دوہرا معیار اور صیہونی حکومت کی جانب سے معصوم فلسطینوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر ان کی خاموشی، دنیا میں ان کی متضاد کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔"

ایرانی صدر احمدی نژاد کے اس بیان سے ایک دن قبل تہران حکومت نے ایران اور خلیجی عرب ممالک کے درمیان تناؤ کو مغرب اور اسرائیل کی سازش قرار دیا تھا۔

رپورٹ:عنبرین فاطمہ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں