1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرو انڈیا شو، پاکستان، چین اور ایران مدعو نہیں

2 فروری 2011

بھارت میں منعقد ہونے والے ایشیا کی سب سے بڑی فضائی نمائش میں پاکستان، ایران اور چین کو مدعونہیں کیا گیا ہے۔ اس شو کےمنتظمین نے اس بات کی تصدیق کردی ہے۔

https://p.dw.com/p/QxUI
تصویر: AP

ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی یہ فضائی نمائش ایشیا کا سب سے بڑا ایئر شو تصورکیا جاتا ہے۔ آئندہ ہفتے شروع ہونے والے اس شو میں اس مرتبہ بھارتی حکام نے روایتی حریف ملک پاکستان سمیت چین اور ایران کوبھی دعوت نامہ ارسال نہیں کیا ہے۔

بھارتی وزیر برائے دفاعی پیداوار آر کے سنگھ نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے اس کی تصدیق کچھ یوں کی،’ ابھی تک اس شو میں شرکت کے لیے پاکستان، ایران اور چین کو مدعو نہیں کیا گیا ہے، لیکن اس بات کا حتمی فیصلہ وزارت دفاع کرے گی۔‘

Indien Flugzeugabsturz
پانچ روزہ ایئر شو نو فروری سے شروع ہو رہا ہےتصویر: AP

پاکستان اور بھارت نے آزادی حاصل کرنے کے بعد تین جنگیں لڑیں ہیں جبکہ دونوں ممالک کا عمومی طور پرعسکری سطح پر آپس میں کوئی رابطہ نہیں ہوتا۔ اسی طرح بھارت اور چین کے مابین بھی سن 1962ء میں ایک مختصر مگر خونریز جنگ ہو چکی ہے۔ اگرچہ ان دونوں ممالک کے مابین تجارتی سطح پر تعلقات میں بہتری دیکھی جا رہی ہے تاہم سرحدی تنازعات ابھی تک برقرار ہیں۔

’ایرو انڈیا 2011‘ نامی اس شو کا انعقاد نو فروری سے ہو گا۔ اس شو میں شرکت کے لیے افغانستان کو خصوصی طورپرمدعو کیا گیا ہے۔ سنگھ نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو اس لیے مدعو کیا گیا ہے کیونکہ حکومتی پالیسی کے مطابق بھارت، افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے۔

آرکے سنگھ نے کہا،’ افغانستان کےساتھ ہمارا تعاون بہت بہتر ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ اس ایئر شو میں شرکت کے لیے افغان حکومت ایک خصوصی وفد بھیج رہی ہے۔‘ منتظمین کے مطابق اس پانچ روزہ شو میں قریب ساڑھے تین سو افراد شرکت کریں گے۔ ان میں سرکاری اور تجارتی وفود بھی شامل ہوں گے۔ جو ممالک اس ایئر شو میں شریک ہو رہے ہیں، ان میں آسٹریلیا، جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے علاوہ امریکہ بھی شامل ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف