1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایسٹر پر عالمی امن کے لئے دعائیں

کشور مصطفیٰ13 اپریل 2009

آج دنیا بھر میں مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے۔ اس موقع پر پاپائے روم بینیڈکٹ شانزدہم نے عالمی امن کی اپیل اور بحران زدہ علاقوں کی سلامتی کے لئے دعا کی۔ جرمنی میں بھی ایٹسر روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔

https://p.dw.com/p/HVpa
ایسٹر کے روایتی تہوار پر پاپائے روم ویٹیکن سٹی میں ہزاروں لوگوں سے خطاب کرتے ہیںتصویر: AP/L'Osservatore Romano

جرمنی کے مختلف شہروں میں جنگ و جارحیت کے خلاف اور دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے حق میں مظا ہروں کا انعقاد بھی ہوا۔

پاپائے روم نے ویٹیکن سٹی کے مشہور زمانہ سینٹ پیٹرز اسکوائر میں جمع ہونے والے ہزاروں عیسائی زائرین کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کی۔

Pieta Statue
تصویر: Picture-Alliance / Photoshot

عیسائی عقیدے کے مطابق حضرت عیسیٰ کے مصلوب ہونے کے بعد آج کے دن وہ دوبارہ زندہ ہوئے تھے۔ اس دن یعنی ایسٹر منڈے کو عیسائی یہ جشن مناتے ہیں۔ اس موقع پر پاپائے روم نے دنیا کے تمام انسانوں کے لئے امن و سکون اور خوشحالی کی دعا کی۔ ساتھ ہی انھوں نے حال ہی میں اطالوی شہر لا کیولا میں آنے والے بھیانک زلزلے کے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ پاپائے روم نے گھر بار سے محروم ہو جانے والے زلزلہ زدگان کے لئے لا کیولا میں قائم کیے جانے والے عارضی خیموں میں بچوں کے لئے چوکلیٹس بھیجیں۔ اطالوی وزیر اعظم سیلویؤ برلسکونی بھی اس تقریب میں موجود تھے۔

Ostermarsch 2009
مسیحی برادری کے تہوار ایسٹر کے موقع پر یہاں جرمنی کے مختلف شہروں میں جنگ و جارحیت اور جوہری ہتھیاروں کے خلاف ریلیاں منعقد کی گئیںتصویر: AP

جرمنی کے مختلف شہروں میں ایسٹر جلوس نکالے گئے اور خصوصی اجتماعی دعائیں کی گئیں۔

جرمن صوبے سیکسنی کے پروٹسٹنٹ چرچ کے بشپ یوخن بوہل نے شہر لائپزگ اور ڈریسڈن منعقدہ ایسٹر کی تقاریب کے موقع پر امریکی صدر باراک اوباما کی دنیا کو اسلحے سے پاک کرنے کی نئی پیش قدمی کا خیر مقدم کیا۔ جرمن دارلحکومت برلن سمیت شہر کولون اور دیگر مقامات میں ایسٹر کے جلوس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

جرمن عوام نے بھی دنیا بھر سے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کی اپیل کی۔ ایک شہری نے کہا: ’’وفاقی جمہوریہ جرمنی میں اب بھی جوہری ہتھیار پائے جاتے ہیں اور ہم اس کے سخت خلاف ہیں۔‘‘

ایک اور جرمن باشندے نے کہا: ’’ہم چاہتے ہیں کہ یہ دنیا پر امن ہو اور ہر ملک انصاف اور برابری کی بنیاد پر دوسرے ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات استوار کرے۔ دنیا سے تشدد اور طاقت کے مظاہرے کا خاتمہ ہوجانا چاہئے۔‘‘

دریں اثناء ایران نے امریکہ اور دیگر ممالک کے ساتھ ایٹمی مذاکرات کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے۔

تہران کے جوہری امور کے مذاکرات کار سعید جلالی نے یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے چیف خاوئیر سولانا کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں کہا کہ ایٹمی مذاکرات کو تعمیری اور باہمی تعاون کی بنیادوں پر عمل میں لایا جانا چاہئے۔