1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشز سیریز: آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: امجد علی31 جولائی 2009

برطانیہ میں جاری ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے عمدہ آغاز کیا ہے تاہم جمعرات کو کھیلا گیا میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوا۔

https://p.dw.com/p/J0b9
آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹنگتصویر: AP

جمعرات کے روز بارش کی وجہ سے میچ کا آغاز چھ گھنٹے تاخیر سے ہوا تاہم یہ آسٹریلیا کے لیے ایک اچھا دن تھا۔ کپتان رکی پونٹنگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور شین واٹسن کو بطور اوپنر کھلانے کا فیصلہ کیا جو کہ آسٹریلیا کی ٹیم کے لیے عمدہ ثابت ہوا۔

Cricket Ashes Cup Englad Australien Juli 2009
آسٹریلیا یہ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی خواہش مندتصویر: AP

واٹسن کی ناقابلِ شکست ففٹی نے آسٹریلیا کی ٹیم کو میچ کے پہلے دن ایک سو چھبیس رنز تک پہنچا دیا۔ دن کے اختتام پر آسٹریلیا کے ایک وکٹ کے نقصان پر ایک سو چھبیس رنز تھے اور واٹسن کریز پر باسٹھ رنز کے ساتھ موجود تھے اور ان کا ساتھ دینے کے لیے دوسری وکٹ کی شراکت میں کپتان رکی پونٹنگ تھے۔

واضح رہے کہ ایشز سیریز میں برطانیہ کو آسٹریلیا پر ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور آسٹریلیا کی ٹیم اس ٹیسٹ کو جیت کر سیریز برابر کرنے کی خواہاں ہے۔ لارڈز کے میدان پر کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ٹیم برطانیہ سے ایک سو پندرہ رنز سے ہار گئی تھی۔ آسٹریلوی ٹیم کے کوچ ٹم نیلسن نے اننگز کے آغاز کو مثبت قرار دیا ہے۔

تیسرے ٹیسٹ کی ابتدا سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم اس وقت مسائل کا شکار ہوگئی، جب ٹیم کے وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن انگلی میں لگی چوٹ کی وجہ سے میچ میں شریک نہیں ہو سکے۔ آسٹریلیا نے آخری وقت میں برطانیہ کی ٹیم سے ہیڈن کی جگہ گریہم ماناؤ کو میچ میں کھلانے کی اجازت طلب کی، جو کہ میزبان ٹیم نے قبول کرلی۔

واضح رہے کہ ایشز سیریز برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جاتی ہے۔ یہ سیریز سن اٹھارہ سو بیاسی سے کھیلی جا رہی ہے اور اس کو کرکٹ میں ایک تاریخی حیثیت حاصل ہے۔ اس سیریز کی میزبانی ایک مرتبہ برطانیہ تو دوسری مرتبہ آسٹریلیا کرتا ہے۔