1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشوریا رائے کی درخت سے شادی ایک بار پھر زیرِبحث

صائمہ حیدر12 ستمبر 2016

بھارت کی صف اول کی اداکارہ ایشوریا رائے بچن کی شادی کو اگرچہ قریب نو برس ہونے کو ہیں لیکن سوشل میڈیا پر ایک بار پھر یہ بحث چل نکلی ہے کہ آیا ان کی کبھی کسی درخت سے بھی شادی ہوئی تھی؟

https://p.dw.com/p/1K0X3
Frankreich Cannes Aishwarya Rai
سن دو ہزار سات میں ایشوریا کی شادی سے قبل بھی ان کی درخت سے شادی والا معاملہ میڈیا میں بہت گرم رہا تھاتصویر: Getty Images/I. Gavan

بولی وڈ کے عالمی شہرت یافتہ اداکار امیتابھ بچن کا اپنی نواسی اور پوتی کے نام سوشل میڈیا پر کھلا خط شائع ہونے کی دیر تھی کہ ان کی بہو اور بھارت کی مقبول اداکارہ ایشوریا رائے کے حوالے سے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر یہ بحث چھڑ گئی کہ کیا ابھیشک بچن سے شادی کرنے سے قبل انہوں نے ایک شادی کسی درخت سے بھی کی تھی؟ رواں ماہ کے آغاز میں اپنی نواسی نیویا نویلی اور پوتی آرادھیا کے نام ایک کھلے خط میں امیتابھ بچن انہیں سماج کے تھوپے نظریات اور فیصلوں کے سائے میں زندگی نہ گزارنے کی نصیحت کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتے اور پاکستانی اور بھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے اس خط میں امیتابھ بچن لکھتے ہیں،

''میری پیاری نیویا اور آرداھیا،آپ دونوں کے نام کے ساتھ چاہے نندا لگے یا بچن، لیکن آپ ایک لڑکی، ایک عورت ہیں! اور چونکہ آپ خواتین ہیں، لہذا لوگ آپ پر اپنی سوچ، اپنی حدود تھوپنے کی کوشش کریں گے۔‘‘

وہ آپ کو بتائیں گے کہ کس طرح کا لباس پہننا ہے، کس طرح کا برتاؤ کرنا ہے، آپ کو کس سے ملنا ہے اور آپ کو کہاں جانا ہے۔ اپنی حدود اور اپنے انتخابات کا تعین خود کرنا اور لوگوں کے فیصلوں سے خود کو بلند رکھنا آسان نہیں ہوگا، لیکن آپ لوگ دیگر خواتین کے لیے مثال قائم کر سکتی ہیں۔‘‘ امیتابھ بچن نے فیس بک پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے یہ خط پڑھ کر سنایا۔ اس خط کو جہاں مثبت انداز میں پذیرائی ملی وہیں سوشل میڈیا پر ملے جلے رد عمل والے ٹویٹس کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔

بھارتی کامیڈین آدیتی متل نے اپنے ٹویٹ میں کہا،’’ اب امیتابھ بچن اپنی پوتیوں کو نسوانی نظریات بھرا خط لکھ رہے ہیں جبکہ اپنی بہو ایشوریا رائے کو انہوں نے درخت سے شادی کرنے پر مجبور کیا تھا۔‘‘

اس پر ابھیشک بچن کا جوابی ٹویٹ آیا،‘‘ہم بھی اسی درخت کی تلاش میں ہیں۔‘‘

سن دو ہزار سات میں ایشوریا کی شادی سے قبل بھی ان کی درخت سے شادی والا معاملہ میڈیا میں بہت گرم رہا تھا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ میں کہا گیا تھا کہ چونکہ اپنے زائچے کے مطابق ایشوریا’’ منگلک‘‘ ہیں اور ہندو مذہب کی رو سے اس کے ان کے شوہر کی زندگی پر برے اثرات پڑ سکتے ہیں، لہذا ان اثرات کو ختم کرنے کے لیے ہندو روایت کے مطابق پہلے ان کی شادی کسی درخت سے کی گئی تھی۔ تاہم بچن خاندان اس بات سے ہمیشہ انکار کرتا آیا ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ سارا معاملہ امیتابھ بچن کی نئی فلم ’پنک‘ کی اشتہاری مہم کا حصہ ہے جو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے موضوع پر بنائی گئی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید