1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایلوس پریسلے کا یادگار ہال جنوبی کوریا میں

10 اگست 2010

پریسلے کی مشہور میوزیکل فلم ’Follow that Dream‘ کے نام سے سیول میں تعمیر کیا جانے والا پریسلے یاد گار ہال اب جنوبی کوریا آنے والے سیاحوں کے لئے انوکھی کشش کا حامل ہے۔

https://p.dw.com/p/OhdD
کنگ آف روک اینڈ رول ایلوس پریسلےتصویر: AP

کنگ آف روک اینڈ رول ایلوس پریسلے کی قبل از وقت موت کو30 سال گزر چکے ہیں۔ اب بھی ان کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد دنیا کے مختلف ممالک میں موجود ہے۔ جنوبی کوریا کے مقامی باشندوں میں پریسلے اب بھی اتنے ہی مقبول ہیں، جتنے کہ وہ 60 اور 70 کے عشرے میں ہوا کرتے تھے۔ تاہم 1962 میں بننے والی ایلوس پریسلے کی مشہور میوزیکل فلم ’Follow that Dream‘ کے نام سے سیول میں تعمیر کیا جانے والا پریسلے یاد گار ہال اب جنوبی کوریا آنے والے سیاحوں کے لئے انوکھی کشش کا حامل ہے۔ یہ ہال شمالی سیول کے علاقے Paju میں ایک دہائی پہلے قائم کیا گیا تھا۔

Elvis and Priscilla Presley - Hochzeit
ایلوس پرسلے کی شادی کی تقریبتصویر: AP

اس شاندار ہال میں ایلوس پریسلے کی ان گنت یادگاریں رکھی گئی ہیں۔ ہال کے اندر 200 انچ کے اسکرین پر مسلسل ایلوس پریسلے کے فوٹیج دکھائے جاتے ہیں۔ خاص طور سے 1970ء میں لاس ویگس میں ایلوس پریسلے کی لائیو پرفارمنس کی جھلکیاں اتنی بڑی اسکرین پر دیکھنے کا لطف ہی کچھ اور ہوتا ہے اور اسی سے محضوض ہونے کے لئے زیادہ تر افراد اس ہال کا رخ کرتے ہیں۔ اس سے بھی زیادہ دلچسپی اور لطف کا باعث اس ہال کا ساؤنڈ سسٹم ہے۔ تماش بینوں کے لئے جوکرسیاں قطاروں میں لگی ہیں، ان کے درمیان تین ’ایمپلیفائرز‘ نصب کئے گئے ہیں، جن سے بیک وقت تین مختلف طرز کی موسیقی سننے کو ملتی ہے۔ 1950، 1960 اور 1970 کے عشروں میں جس اسٹائل کی موسیقی کو زیادہ مقبولیت حاصل تھی، اُسی طرز کو دوبارہ سے پیش کرنے کی یہ کوشش بھی انوکھی ہے۔

Elvis Presley Festival in Bad-Nauheim
2003 ء میں جرمن شہر باڈ ناؤہائم میں منعقد ہونے والا ایلوس پرسلے میلہتصویر: Picture-alliance/dpa

Follow that Dream ہال کی دیواروں کا ایک ایک انچ پریسلے کی تصاویر، اس کے پوسٹرز اور اس کے البمز کے کورز نیز اُس کے گائے ہوئے گیتوں کے بول سے آراستہ ہے۔ کنگ آف روک اینڈ رول کی قد آدم تصویر، جس میں وہ گٹار کے تاروں کو چھیڑتے ہوئے اور مائیکرو فون کے سامنے جھومتے ہوئے دکھائی دیتا ہے، اس ہال کی اصل زینت ہے۔

شمالی سیول کے علاقے Paju میں قائم پریسلے کا یاد گار ہال منافع کمانے کی غرض سے نہیں بنایا گیا ہے۔ اس ہال کی تعمیر دراصل ایلوس پریسلے کے ایک دیوانے، جنوبی کوریائی باشندے Lee Jong Jin نے کرائی ہے۔ انہوں نے اپنے دو اپارٹمنٹس فروخت کر کہ تمام سرمایہ اپنے ہیرو کی اس یاد گار پر صرف کر دیا۔ وہ کہتے ہیں’ میں نے اس ہال کی تعمیر پر بے تحاشہ پیسے خرچ کئے ہیں۔ اب میں اسے برقرار رکھنے کی ممکنہ کوششیں کر رہا ہوں۔ اس کی دیکھ بھال پرکافی رقم خرچ ہوتی ہے‘۔ Lee ایک اشاعتی گھر کے مالک ہیں اورکہتے ہیں کہ انہوں نے اپنا کُل سرمایہ Follow that Dream ہال پر صرف کر دیا ہے۔ تاہم وہ بہت مطمئن نظر آتے ہیں کیوں کہ اُن کے بقول ان پر کوئی قرضہ نہیں ہے۔ Lee Jong Jin کے بقول ’ آپ اس بات کا یقین کریں یا نہ کریں یہ سچ ہے کہ جب بھی اس یادگار ہال کی دیکھ بھال کے لئے پیسوں کی ضرورت پڑتی ہے ایلوس پریسلے کی طرف سے پیسے آ جاتے ہیں‘

Elvis' Grab
42 سال کی عمر میں وفات پانے والے موسیقی کی دنیا کے لیجنڈ ایلوس پریسلے کی لحدتصویر: AP

Lee Jong Jin کہتے ہیں کہ پریسلے کی محض 42 سال کی عمر میں موت واقع ہوئی تھی۔ اُس کے بعد جب وہ خود 42 سال کی عمرکو پہنچے تو انہوں نے دنوں اور سالوں کا حساب رکھنا چھوڑ دیا ہے۔

Lee Jong Jin کی طرف سے بنوائے جانے والے Follow that Dream ہال کو دیکھنے کے لئے جاپان، امریکہ اور برطانیہ کے سیاح بڑی تعداد میں سیول آتے ہیں۔ تاہم Lee کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد ایلوس پریسلے کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے نہ کہ لوگوں کی توجہ حاصل کرنا۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں