1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایمن الظواہری پاکستان میں، پینٹاگون کا دعویٰ

15 ستمبر 2011

امریکہ میں پینٹا گون کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ القاعدہ نیٹ ورک کا سربراہ ایمن الظواہری ابھی تک پاکستان ہی میں ہے۔ اس سے قبل الظواہری کی طرف سے جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں امریکہ پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/12ZLX
القاعدہ نیٹ ورک کا سربراہ ایمن الظواہریتصویر: dapd

مصری نژاد جنگجو رہنما اور اسامہ بن لادن کے جانشین ایمن الظواہری کی طرف سے اس کا نیا ویڈیو پیغام سامنے آنے کے بعد پینٹاگون حکام نے ایک مرتبہ پھر اپنے اس مؤقف کو دہرایا ہے کہ الظواہری ابھی تک پاکستان میں ہی کہیں روپوش ہے۔ پینٹا گون کے ترجمان جارج لِٹل نے بدھ کو کہا کہ انہیں ایسی کوئی اطلاعات نہیں ہیں کہ ایمن الظواہری پاکستان کے علاوہ کسی اور جگہ ہو سکتا ہے۔

قبل ازیں منظر عام پر آنے والی 62 منٹ دورانیے کی ایک نئی ویڈیو میں دہشت گرد گروپ القاعدہ کے نئے سربراہ  ایمن الظواہری نے کہا کہ وہ دعا گو ہے کہ ’عرب ممالک میں بہار‘ کہلانے والی بڑی سیاسی تبدیلیاں اور عوامی انقلابات امریکہ کے لیے اداسی اور سردیوں کے ایک بہت سخت موسم میں بدل جائیں۔

الظواہری کے مطابق نائن الیون کی طرح عرب ممالک کے انقلابات بھی امریکہ کی شکست ہیں۔ القاعدہ کے اس نئے لیڈر کے بقول افغانستان اور عراق میں غیر ملکی فوجیوں کی مبینہ ناکامی بھی امریکہ کی بڑی شکست ہے۔

NO FLASH Bin Laden und Ayman al-Zawahir
ایمن الظواہری اور اسامہ بن لادن، فائل فوٹوتصویر: picture alliance / dpa

بتایا گیا ہے کہ منگل کو انٹرنیٹ پر شائع کی گئی اس نئی ویڈیو میں الظواہری کی ایک تصویر دکھائی گئی ہے، جس کے پیچھے اس کی آواز سنائی دیتی ہے۔ امریکی نیٹ مانیٹرنگ سروس SITE کے مطابق اسی ویڈیو پیغام میں اسامہ بن لادن کی ایک تقریر بھی شامل ہے۔

پینٹاگون حکام نے کہا ہے کہ اس نئی ویڈیو میں اسامہ بن لادن کی فوٹیج بظاہر وہی معلوم ہوتی ہے، جو انہوں نے پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں اسامہ کے گھر پر چھاپے کے دوران حاصل کی تھی۔ اس خفیہ فوجی کارروائی میں امریکی کمانڈوز نے اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا تھا۔

بن لادن کی ہلاکت کے بعد القاعدہ کے نمبر دو ایمن الظواہری کو اس دہشت گرد تنظیم کا سربراہ بنا دیا گیا تھا۔ امریکہ میں نائن الیون کے حملوں کے بعد جب واشنگٹن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا اعلان کیا تھا تو اس وقت سے ہی ایمن الظواہری بھی دیگر انتہا پسند رہنماؤں کی طرح روپوش ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان ہی میں کہیں موجود ہے جبکہ اسلام آباد حکومت ایسے دعووں کو مسترد کرتی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں