1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اینٹی ریٹرووائرل دوائیں ایچ آئی وی کے خلاف مؤثر ہیں، اقوام متحدہ

13 مئی 2011

ایچ آئی وی ایڈز کے شکار مریض فوری طور پر علاج شروع کر دیں تو اس مرض کا وائرس پھیلنے سے روکنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یہ بات اس مرض کے خلاف جدوجہد کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے کہی ہے۔

https://p.dw.com/p/11F74
تصویر: picture-alliance/Photoshot

ان ایجنسیوں نے جمعرات کو بتایا کہ اس مرض میں مبتلا افراد اپنے ساتھی تک ایچ آئی وی کے وائرس کی منتقلی روک سکتے ہیں، تاہم اس مقصد کے لیے انہیں فوری علاج کا طریقہ اختیار کرنا ہو گا۔

اقوام متحدہ کے مطابق ایسے مریض اینٹی ریٹرووائرل دوائیں مناسب طریقے سے لیں، تو ایچ آئی وی کے وائرس کی دیگر افراد تک منتقلی کا خطرہ چھیانوے فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ یہ بات ایک تحقیق کے ذریعے پتہ چلی ہے، جو افریقہ، ایشیا، لاطینی امریکہ اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں سترہ سو سے زائد جوڑوں پر کی گئی۔ تحقیق میں شامل جوڑوں میں سے کوئی ایک اس مرض میں مبتلا تھا۔ یہ تحقیق 2005ء میں شروع ہوئی تھی۔

حکام کے مطابق یہ تحقیق اس قدر کامیاب رہی کہ اسے طے شدہ وقت سے چار سال پہلے ہی روک دیا گیا ہے۔ ایچ آئی وی ایڈز پر اقوام متحدہ کے جوائنٹ پروگرام یواین ایڈز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میشیل سیدیبی کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت بہت اہم ہے اور اس نے بہت کچھ بدل دیا ہے۔

World Health Organization - WHO, Logo
ڈبلیو ایچ او ایچ آئی وی کے شکار مریضوں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کرنے والی ہےتصویر: AP

عالمی ادارہ برائے صحت ڈبلیو ایچ او کی ڈائریکٹر جنرل مارگریٹ چان نے کہا، ’ہم جانتے ہیں کہ ایچ آئی وی کا وائرس پھیلنے کے اسّی فیصد سے زائد نئے کیسز جنسی تعلق کے نتیجے میں سامنے آ رہے ہیں۔ یوں یہ پیش رفت انتہائی اہم ہے۔‘

خبررساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق یو این ایڈز اس مرض کے خلاف مہم میں شریک دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ایک کانفرنس بلانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے، جس میں اس تحقیق پر بات چیت کی جائے گی۔

دوسری جانب ڈبلیو ایچ او رواں برس جولائی میں ایچ آئی وی کے شکار مریضوں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کرے گی، جس پر عمل کرتے ہوئے ہوئے وہ اپنے ساتھی کو اس وائرس سے بچا سکیں گے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: امیتاز احمد