1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایٹمی توانائی کے حوالے سے جاپان میں ایمرجنسی کا نفاذ

11 مارچ 2011

جاپانی حکومت نے کہا ہے کہ وہ ملک میں ایٹمی توانائی کے شعبے میں ہنگامی حالت کا اعلان کر چکی ہے لیکن ملک میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں جاپانی ایٹمی بجلی گھروں سے خطرناک شعاعوں کا اخراج دیکھنے میں نہیں آیا‍۔

https://p.dw.com/p/10Xkw
فوکوشیما کا بجلی گھر، 2008ء میں لی گئی ایک تصویرتصویر: dapd

جاپان میں آج آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 8.9 ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد ایک بہت بڑی سونامی لہر پیدا ہو گئی تھی۔ وزیر اعظم کان نے اس لیے ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا تھا کہ ایمرجنسی نوعیت کے تمام اقدامات کو مربوط بنایا جا سکے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں جاپان کے ایٹمی ری ایکٹروں میں سے کسی سے بھی کسی طرح کے تابکار مادوں کے اخراج کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور اب تک ایسے کسی فیصلے کی بھی کوئی ضرورت نہیں ہے جوہری تنصیبات کے قریب رہنے والے افراد کو اپنی رہائش گاہیں خالی کر دینا چاہیئں۔

Japan Erdbeben Tsunami Flash-Galerie
زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی سونامی لہرتصویر: dapd

جاپانی کابینہ کے چیف سیکریٹری یوکیو ایڈانو نے بتایا کہ ملک میں ایٹمی حوالے سے ہنگامی حالت کا اعلان اس لیے کیا گیا کہ حکومت زلزلے اور پھر سونامی لہریں پیدا ہونے کے بعد تمام تر اقدامات کو باہمی طور پر مربوط بنا سکے۔

یوکیو ایڈانو نے کہا کہ جاپانی ری ایکٹروں سے نہ تو کوئی تابکار مادے خارج ہوئے ہیں اور نہ ہی ایسا ہو گا۔ اس لیے وہ جوہری تنصیبات والے علاقوں کی آبادی کو یہ مشورہ دیتے ہیں کہ وہ ’’اپنے رویے میں تحمل اور سکون‘‘ کا مظاہرہ کریں۔

جاپانی خبر ایجنسی کیوڈو کے مطابق میاگی نامی علاقے میں اوناگاوا کے ایٹمی پلانٹ کی عمارت میں ٹربائن والے حصے میں زلزلے کے نتیجے میں آگ لگ گئی تھی۔ لیکن سونامی لہروں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اس علاقے میاگی میں متعلقہ ایٹمی ری ایکٹر کی منتظم پاور کمپنی نے بتایا کہ اس واقعے میں تابکاری شعاعوں کے اخراج کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

Japan Erdbeben Tsunami Flash-Galerie
زلزلے کے نتیجے میں ایک آئل ریفائنری میں لگنے والی آگتصویر: Kyodo News/AP/dapd

اس دوران اقوام متحدہ کے ایٹمی توانائی کے ادارے کی طرف سے ویانا میں بتایا گیا کہ جاپان میں زلزلے کے مرکز کے قریب ترین علاقوں میں کام کرنے والے چار ایٹمی بجلی گھروں کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

جاپان میں جمعہ کے روز زلزلہ ٹوکیو سے قریب چار سو کلو میٹر شمال مشرق کی طرف آیا تھا، جس کے بعد محسوس کیے جانے والے ایک درجن سے زائد ضمنی جھٹکوں کی شدت 7.1 تک ریکارڈ کی گئی تھی۔ یہی زلزلہ بعد میں سونامی لہروں کا سبب بھی بنا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عدنان اسحاق