1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائیو فیول، ماحول اور انجن دونوں کے لیے نقصان دہ

8 مارچ 2011

یورپ میں مختلف زرعی اجناس کے بیجوں سے حاصل کیے جانے والے ایندھن کو مستقبل قرار دیا جا رہا تھا۔ لیکن اب بائیو فیول کے نقصانات نے جرمنی میں گاڑیوں اور پٹرول پمپوں کے مالکان کو پریشان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10VL3
تصویر: AP

جرمنی میں ایتھنول والے E-10 ایندھن کے استعمال کے حوالے سے پہلے ہی خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ زرعی اجناس کے بیجوں سے حاصل ہونے والا یہ ایندھن گاڑیوں کے انجنوں پر بھی منفی اثرات ڈال رہا ہے۔ اس صورتحال میں جرمنی میں پٹرول اسٹیشنوں اور گاڑیوں کے مالکان کو غیر یقینی کی کیفیت کا سامنا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ برلن حکومت اور یورپی یونین کا اصرار ہے کہ بائیو فیول کے استعمال میں کوئی قباحت نہیں ہے لیکن پٹرول پمپوں پر صورتحال بالکل مختلف ہے۔ لوگ پٹرول ڈلوانے سے قبل سوچ بچار کرتے ہیں کہ اپنی گاڑیوں میں کونسا ایندھن ڈلوائیں۔

Frankreich Protest gegen Rentenreform Tankstelle
E-10 نے لوگوں کو پٹرول ڈلوانے سے قبل سوچ بچار کر نے پر مجبور کر دیا ہےتصویر: AP

جرمنی میں پٹرول پمپوں کے مالکان کی ملکی یونین اس سلسلے میں برلن حکومت کو قصور وار قرار دے رہی ہے۔ عام صارفین کو پٹرول بیچنے والے ان اداروں کی یونین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ’ای ٹین‘ فیول کے حوالے سے جو افراتفری پھیلی ہوئی ہے، اسے فوری طور پر ختم کیا جائے۔ اس یونین کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ یہ ایک انتہائی نازک معاملہ ہے اور حکومت اس پر درست اور کافی توجہ نہیں دے رہی۔

E-10 ایندھن کے نقصانات اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں برلن میں ایک اجلاس بھی ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں وزیر اقتصادیات رائنر بروڈرلے کے علاوہ دیگر وزراء، جرمنی میں کار ساز اداروں کے مالکان اور خام تیل کی صنعت سے وابستہ افراد بھی شریک ہو رہے ہیں۔ لیکن اس اجلاس میں ماحولیاتی اور زرعی شعبے کے ماہرین اور تحفظ ماحول کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں موجود نہیں ہوں گی۔

مختلف زرعی اجناس کے بیجوں سے حاصل ہونے والے اس ایندھن کو ماحول کے لیے بھی نقصان دہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ماحول پسند تنظیم گرین پیس سے تعلق رکھنے والے وولفگانگ لوہبیک کا کہنا ہے، ’’جو زرعی اجناس کھانے کے لیے استعمال میں لائی جاتی ہیں، ان سے ایندھن تیار کرنا غیر اخلاقی بات ہے۔‘‘

Griechenland Streik Tankstelle
بائیو فیول کی وجہ سے پٹرول اسٹیشنوں اور گاڑیوں کے مالکان کو غیر یقینی کی کیفیت کا سامنا ہےتصویر: AP

جرمن حکومت نے فروری میں پٹرول پمپوں کے مالکان کو ہدایات جاری کی تھیں کہ دس فیصد ایتھنول والے ’ای ٹین‘ بائیو فیول کو معیاری ایندھن کے طور پر فروخت کیا جائے تاکہ یورپی یونین کی جانب سے بائیو فیول کے استعمال کے حوالے سے طے کردہ اہداف کو پورا کیا جا سکے۔ تاہم اپنی گاڑیوں کے انجنوں میں خرابی کے ڈر سے گاڑیوں کے مالکان ’ای ٹین‘ کے استعمال سے ہچکچا رہے ہیں۔ جرمنی میں صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ملکی ادارے نے کار ساز کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر بائیو فیول سے ماحول کو کوئی نقصان پہنچتا ہے، تو وہ اس کی ذمہ داری قبول کریں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: مقبول ملک