1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائے بائے ٹوئنٹی ٹوئنٹی: پونٹنگ کا استعفٰی

7 ستمبر 2009

ایشز ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کی شکست کے بعد رکّی پونٹنگ نے اب ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ پونٹنگ کے مطابق وہ صرف ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں پر اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/JU2C
تصویر: AP

رکّی پونٹنگ نے اپنے ایک بیان میں کہا: ’’بہت سوچ بچار کے بعد ہی میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ مجھے زیادہ توجہ ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ پر مرکوز کرنی چاہیے۔ میں نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو خیر باد کہہ دینے کے اپنے فیصلے سے کرکٹ آسٹریلیا، چیرمین آف سلیکٹرز، کوچ اور وائس کپتان مائکل کلارک کو آگاہ کردیا ہے۔‘‘

اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ نائب کپتان مائکل کلارک پونٹنگ کی جگہ ٹوئنی ٹوئنٹی میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس وقت پونٹنگ کی غیر موجودگی میں مائکل کلارک انگلینڈ میں جاری ون ڈے سیریز میں ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔ اس سے قبل پونٹنگ نے کہا تھا کہ وہ بحیثیت کپتان ہی ٹیم میں رہنا چاہتے ہیں۔ چونتیس سالہ کپتان نے کہا کہ وہ بحیثیت ایک بیٹسمین، کپتان اور ایک قائد اپنی ٹیم کے لئے اب بھی بہت کچھ کر سکتے ہیں۔

Cricket Ashes Cup Englad Australien Juli 2009
ایشز سے قبل رکی پونٹنگ انگلش ٹیم کے کپتان اینڈریو اسڑوس کے ساتھتصویر: AP

پونٹنگ کی کپتانی میں آسٹریلیا کو 2005ء میں اور اب اس سال بھی انگلینڈ کے ہاتھوں ایشز میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح وہ پہلے آسٹریلوی کپتان بن گئے ہیں، جن کی قیادت میں ٹیم کو ایک عشرے کے دوران دو مرتبہ ایشز میں شکست ہوئی ہے۔ پونٹنگ نے مزید کہا کہ مائکل کلارک ٹوئنٹی ٹوئنٹی فارمیٹ اور ون ڈے میچوں میں کپتانی کرسکتے ہیں جبکہ ٹیسٹ میچوں میں وہ خود ٹیم کی قیادت کرتے رہنا چاہتے ہیں۔

کرکٹ ماہرین کی رائے میں اب وقت آگیا ہے کہ رکّی پونٹنگ کی جگہ نائب کپتان مائکل کلارک کو ٹیم کی قیادت کی ذمہ داریاں سونپ دی جانی چاہییں۔ مائکل کلارک کے علاوہ سائمن کیٹچ کے بارے میں بھی یہ کہا جاتا ہے کہ وہ ٹیم کی کپتانی کے اہل ہیں تاہم کیٹچ خود پونٹنگ کی کپتانی کے حق میں ہیں۔

Micheal Clarke
آسٹریلیا کے نائب کپتان مائیکل کلارکتصویر: AP

ٹیسٹ میچوں میں تقریباً چھپن رنز کی اوسط سے گیارہ ہزار سے بھی زائد رنز بنانے والے پونٹنگ کی بیٹنگ صلاحیت پر کوئی سوالیہ نشان نہیں ہے، تاہم بحیثیت کپتان ان پر کڑی تنقید کی جارہی ہے۔ ایشز میں شکست سے پہلے آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بھی ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوئی تھی۔

2002ء میں پونٹنگ نے ایک روزہ میچوں کے لئے آسٹریلوی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ اُن دنوں اسٹیو وا ٹیسٹ میچو ں میں ٹیم کی کپتانی کرتے تھے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: انعام حسن