بارسیلونا کلب تیسری بار چیمپیئنز لیگ کا فاتح
28 مئی 2009میچ کے پورے نوے منٹ کے دوران ایف سی بارسیلونا کے کھلاڑیوں کی پاسنگ اور ڈربلنگ اتنی عمدہ رہی کہ خود مانچیسٹر یونائیٹڈ کے مینیجر الیکس فیرگوسن کو بھی اس کا اعتراف کرنا پڑا۔
’’میرے خیال میں پہلا گول ہمارے لئے ’کلر‘ ثابت ہوا۔ اگرچہ ہمارا آغاز عمدہ تھا تاہم اس کے بعد پورے میچ کے دوران ہمارے کھلاڑی نہ صرف اضطراب میں نظر آئے بلکہ گھبرائے بھی۔ بارسیلونا اس جیت کی مستحق تھی۔‘‘
بارسیلونا کی طرف سے پہلا گول کھیل کے دسویں منٹ میں Samuel Eto'o نے کیا جبکہ کھیل کے دوسرے ہالف میں مداحوں کے چہیتے Lionel Messi نے دوسرا گول سکور کیا۔ اس گول کے بعد میچ ختم ہونے میں صرف بیس منٹ باقی رہ گئے تھے۔
مانچیسٹر یونایئٹڈ کے مینیجر فیرگوسن نے Sky Sports کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بارسیلونا کے کھلاڑیوں نے بہترین طریقے سے دفاع کیا جبکہ مانچیسٹر کے ڈیفینس میں بہت خامیاں نظر آئیں۔
’’ہمارے پاس بہت وقت تھا، دوسرے ہالف میں کچھ آدھے مواقع بھی تھے لیکن صحیح بات یہ ہے کہ ہمیں ایک بہترین ٹیم نے شکست دی ہے۔ پہلے گول کے بعد ہمارے لئے حالات مشکل ہوگئے۔‘‘
ایف سی بارسیلونا نے UEFA چیمپیئنز لیگ کا خطاب تیسری مرتبہ حاصل کیا ہے جبکہ لیگ کے گذشتہ چار سیزنز میں یہ اس کی دوسری فتح تھی۔
اگرچہ اس پورے سیزن کے دوران مانچیسٹر یونائیٹڈ کا ڈیفینس بہت عمدہ رہا مگر فائنل میچ میں، جب اس کی بہت زیادہ ضرورت تھی، یہ متاثر کن نہیں تھا۔
مانچیسٹر کے سینٹرل ڈیفینڈر Rio Ferdinand نے بھی اپنے مینیجر کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میں ان کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ نہیں کیا۔
’’ہماری ٹیم میں ایک بھی کھلاڑی ایسا نہیں ہے جو یہ کہہ سکتا ہے کہ ہم نے فائنل میں انفرادی یا اجتماعی طور پر عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘‘
فائنل کے پہلے دس منٹ کے کھیل اور دوسرے ہالف میں کچھ لمحوں کو چھوڑ کر بارسیلونا ٹیم کی پورے میچ پر گرفت مضبوط رہی۔