1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی وُڈ کا میوزک 'مفت' لیکن کب تک؟

23 اگست 2009

بھارتی پارلیمان میں ایک ایسا قانون پیش کئے جانے کی تیاری کی جارہی ہے، جس کی منظوری پر میوزک CDs کے ناجائز کاروبار میں ملوث افراد کو دو سال تک کی سزائے قید ہو سکے گی۔

https://p.dw.com/p/JGeq
رقص و گیت بالی وُڈ کی فلموں کا اہم حصہ ہیںتصویر: AP

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ قانون منظور ہو گیا تو نہ صرف بالی وُڈ کے میوزک کے ناجائز کاروبار میں ملوث افراد کو دھچکا لگے گا بلکہ فلمی گیتوں کا شغف رکھنے والے اُن لاکھوں افراد کو بھی مایوسی ہو گی، جو موجودہ حالات میں کوئی بھی گیت پلک جھپکتے انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کر لیتے ہیں۔

Bollywood Schauspieler Madhuri Dixit
بیشتر مشہور گانوں کا تعلق ہر سال ریلیز ہونےوالی سینکڑوں ہندی فلموں سے ہی ہوتا ہےتصویر: AP

اس خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ ابھیشک چودھری ایسے ہی لاکھوں نوجوانوں میں سے ایک ہے، جو بالی وُڈ کے مشہور ٹریکس انٹرنیٹ کے ذریعے حاصل کرتے ہیں۔ جب بھی اس کا من کسی تازہ فلمی دھن کے لئے مچلتا ہے تو وہ فوراً اپنا کمپیوٹر کھولتا ہے اور اپنا پسندیدہ گانا مفت ڈاؤن لوڈ کر لیتا ہے۔

بعدازاں وہ غیرقانونی طریقے سے حاصل ہونے والے اس میوزک ٹریک کو اپنے موبائل فون پر منتقل کرتا ہے، جس کے بعد بلیوٹوتھ ٹیکنالوجی کے ذریعے اسی گانے کو اپنے دوستوں کے ساتھ بھی بانٹتا ہے۔ ابھیشک کہتا ہے کہ یہ سہولت مفت بھی ہے اور بآسانی دستیاب بھی! اس کا کہنا ہے کہ یہ انٹرنیٹ کا خوبصورت پہلو ہے اور وہ کسی بھی وقت مختلف ویب سائٹس سے کوئی بھی گیت ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اس نوجوان نے اے ایف پی سے یہ گفتگو اپنا اصلی نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کی۔

Sometimes Happy, Sometimes Sad
ایک اندازے کے مطابق ہندی فلموں کی DVDs کے ناجائز کاروبار سے فلمی صنعت کو سالانہ 15 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہےتصویر: Presse

بالی وُڈ میں صرف موسیقی کی تیاری پر ہی اربوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں۔ بات صاف ہے کہ اس قدر بڑے پیمانے پر سرمایہ لگانے والے اپنے ٹریکس کی مفت تقسیم سے نالاں ہیں۔ رواں برس بالی وُڈ کے بڑے اسٹوڈیوز نے اپنی فلموں کی DVDs کا ناجائز کاروبار کرنے والوں کے خلاف مہم کے لئے ایک پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی سے رجوع کیا تھا۔

بھارت میں ایوان ہائے صنعت و تجارت کی فیڈریشن کے مطابق 2008ء میں ملکی میوزک انڈسٹری کی مالیاتی قدر 7.3 بلین روپے تھی جبکہ تین سال قبل 8.3 بلین روپے تھی یعنی صرف تین سال کے عرصے میں ایک بلین روپے کی کمی!

بالی وُڈ بھارت میں ہندی فلمیں بنانے والی معروف صنعت ہے اور ملکی موسیقی پر اس کا گہرا اثر ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی