1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
8 تصاویر
Ritika Rai / امجد علی23 نومبر 2015
https://p.dw.com/p/1HAXf

کاجول، 41 سال
پانچ اگست 1974ء کو پیدا ہونے والی کاجول کی ماں تنوجا اور نانی شوبھنا سمرتھ بھی فلموں میں بطور ہیروئن جلوہ گر ہوئی تھیں۔ کاجول نے اپنا فلمی سفر فلم ’بے خودی‘ سے شروع کیا۔ ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ جیسی کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والی کاجول نے کل 6 فلم فیئر ایوارڈ جیتے ہیں، جن میں اُس کی خالہ نوتن ہی کی طرح بہترین اداکارہ کے چار ایوارڈ بھی شامل ہیں۔

ایشوریا رائے، 42 سال
دنیا بھر میں اپنی خوبصورتی کے لیے مشہور بھارتی اداکارہ ایشوریا کی پیدائش یکم نومبر 1973ء کو ہوئی۔ وہ واحد بھارتی اداکارہ ہیں جو ایک دہائی سے زیادہ سے فرانس کے کان فلم فیسٹیول میں شرکت کرتی چلی آ رہی ہیں۔ دیوداس، ہم دل دے چکے صنم، تال اور ماسٹر جیسی سپر ہٹ بالی وُڈ بلاک بسٹر اور ہالی وڈ کی فلموں میں کام کرتے ہوئے دنیا بھر میں شہرت حاصل کر چکی ہیں۔

تبو، 44 سال
تبو عرف تبسم ہاشمی نے ہندی کے علاوہ کئی تامل، تیلگو، ملیالم اور بنگلہ زبان کی فلموں کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ کی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ دو بار بہترین اداکارہ کا قومی فلم ایوارڈ جیتنے والی تبو کو فلم فیئر میں بھی 4 بار بہترین اداکارہ کا Critics ایوارڈ ملا۔ 2014 ءکی فلم حیدر کے لیے انہوں نے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ جیتا۔


مادھوری ڈکشت، 48 سال
15 مئی 1967ء کو پیدا ہونے والی مادھوری نے برسوں ہندی فلم ناظرین کو اپنی اداکاری سے محظوظ کیا ہے۔ دل، بیٹا، ہم آپ کے ہیں کون جیسی سپر ہٹ فلمیں دینے والی مادھوری نے اپنا کیریئر راج شری بینر کی فلم’ معصوم‘ سے شروع کیا تھا۔ حالیہ سالوں میں گلابی گینگ اور ڈیڑھ عشقیہ میں ان کے کام کی کافی تعریف ہوئی۔ وقت کے ساتھ ساتھ مادھوری کی مقبولیت باکس آفس پر کامیابی پر انحصار سے کہیں آگے جا چکی ہے۔


جوہی چاولہ، 48 سال
گلابی گینگ میں اپنی معاصر اداکارہ مادھوری ڈکشت کے ساتھ نظر آنے والی جوہی 13 نومبر 1967ء کو پیدا ہوئیں۔ 1986ء میں فلم سلطنت سے بالی وُڈ میں اداکاری کا آغاز کرنے والی جوہی اس سے پہلے 1984ء میں مس انڈیا بھی منتخب ہو چکی تھیں۔ اپنی شوخ اداؤں اور چلبلے مزاج کی جھلک انہوں نے کئی فلمی کرداروں میں بھی دکھائی۔ ٹی وی شوز میں بھی جلوہ گر ہونے والی جوہی چاولہ نے پروڈیوسر کے طور پر بھی کئی فلمیں بنائی ہیں۔

سشمیتا سین، 40 سال
بھارت کے لیے پہلا مس یونیورس ٹائٹل جیت کر فلموں میں قدم رکھنے والی سشمیتا سین اب زیادہ ہندی فلمیں نہیں کرتیں۔ 19 نومبر 1975ء کو پیدا ہونے والی سشمیتا مس یونیورس مقابلے میں شرکاء کے انتخاب کے لیے ’آئی ایم شی‘ نام كا پلیٹ فارم چلاتی ہیں۔ دو لڑکیوں کو گود لینے والی غیر شادی شدہ سشمیتا کی زندگی اور ان کی شخصیت جرأت مندانہ اور مثبت پیغام دیتی ہے۔


پريتی زنتا، 40 سال
حالیہ سالوں میں آئی پی ایل کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کی مالکن کے طور پر زیادہ بحث میں رہنے والی پريتی نے منی رتنم کی فلم ’دل سے‘ اپنا کیریئر شروع کیا تھا۔ 31 جنوری 1975ء کو پیدا ہونے والی پريتی اشتہارات کی دنیا سے فلموں کی طرف آئیں۔ ’کل ہو نہ ہو، دل چاہتا ہے اور کوئی مل گیا جیسی فلموں میں ایک ماڈرن بھارتی لڑکی کے کردار میں ناظرین نے پریتی زنتا کو خوب سراہا۔


شلپا شیٹی، 40 سال
8 جون 1975ء کو پیدا ہونے والی شلپا نے دنیا کے کئی ممالک میں مقبول لیکن تنازعات میں گھرنے والے برطانوی ریئلٹی شو ’بگ برادر‘ کے بعد ایک خاص بین الاقوامی شہرت پائی۔ اس سے پہلے بالی وُڈ میں اپنی فلم دھڑکن کے ساتھ انہوں نے بہترین اداکارہ کے طور پر اپنی جگہ بنائی۔ آئی پی ایل کرکٹ کی ٹیم راجستھان رائلز کی مالکن اور فلم ساز بن چکی شلپا نے یوگا کے فروغ کے لیے بھی کام کیا ہے۔