1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ: پونٹنگ اور کلارک پھر ناکام

26 دسمبر 2010

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان روایتی ایشز ٹیسٹ سیریز کا چوتھا میچ میلبورن کے گراؤنڈ میں شروع ہو گیا ہے۔ انگریز ٹیم کےکپتان کا ٹاس جیت کر بالنگ کرنے کا فیصلہ درست رہا اور آسٹریلوی ٹیم لڑکھڑا چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/zplg
ایشز سیریز کے ٹیسٹ میچ کا منظرتصویر: picture alliance/empics

ایشز ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کی شروعات میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہو گئی ہیں۔ وکٹ پر سبز گھاس کو دیکھتے ہوئے انگریز کرکٹ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراؤس نے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کرکٹ کے ماہرین کے خیال میں یہ فیصلہ انگلش ٹیم کو فائدہ بھی دے سکتا ہے لیکن مہنگا بھی پڑ سکتا ہے کیونکہ اب سٹراؤس کی ٹیم کو انجام کارچوتھی اننگز کھیلنی ہے اور تب پچ پر بال اسپن ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ یہ بھی اہم ہے کہ آسٹریلوی ٹیم میں کوئی مستند اسپنر شامل نہیں ہے۔ دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیت رکھا ہے۔

میلبورن گراؤنڈ پر آج کھیل کے دوران 91 ہزار تماشائی جمع ہو جائیں گے۔ یہ ایک عالمی ریکارڈ ہو گا کیونکہ اتنی ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔ میلبورن گراؤنڈ پر سن 1961 میں ایک دن میں میچ دیکھنے والے کی ریکارڈ تعداد 90 ہزار پانچ سو تھی۔ سن 2006 میں ایشز سیریز کے دوران میلبورن کے کرکٹ میدان پر باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کو دیکھنے کے لئے 89 ہزار 155 لوگ میدان میں داخل ہوئے تھے۔

Flash-Galerie Ricky Ponting
رکی پونٹنگ: خراب فارم کا سلسلہ جاریتصویر: AP

میچ کے پہلے دن انگریز بالروں سے نئی گیند کے ساتھ خطرناک بالنگ کا بھی امکان تھا۔ اس کا ثبوت ابتدائی اوورز میں دیکھا گیا۔ انگریز فیلڈروں نے اوپننگ بیٹسمین شین واٹسن کے دو کیچ گرائے اور تیسرے پر ان کو کیچ آؤٹ کیا گیا۔ صرف 77 کے اسکور پر آٹھ مرکزی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے سے اینڈریو سٹراؤس کے فیلڈنگ کرنے کے فیصلے کو بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی۔ آؤٹ ہونے والوں میں پونٹنگ کے علاوہ مائیک ہسی اور نائب کپتان مائیکل کلارک بھی شامل تھے۔ پونٹنگ صرف دس رنز بنا سکے۔ کلارک کا اسکور20 رہا۔ انگریز تیز بالروں نے پچ پر موجود گھاس اور ابرآلود موسم کا صحیح فائدہ اٹھایا۔ خاص طور پر اینڈرسن کی بالنگ انتہائی شاندار تھی۔

میلبورن ٹیسٹ میچ کے لئے مہمان اور میزبان ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انگریز ٹیم میں سے سٹیون فن کی جگہ بریزنن کو شامل کیا گیا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ کی انگلی میں معمولی فریکچر تھا اور امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ شاید نہ کھیل پائیں لیکن میچ کی الیون میں پونٹنگ موجود ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں