1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باگبو اقتدار سے الگ ہو جائیں، امریکہ

10 اپریل 2011

امریکہ نے آئیوری کوسٹ میں تشدد کی نئی لہر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ متنازعہ صدر لاراں باگبو مذاکرات کا بہانہ بنا کر فوجی طاقت جمع کررہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10qkN
متنازعہ صدر لاران باگبوتصویر: Picture-Alliance/dpa

امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان مارک ٹونر کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ باگبو کی طرف سے پر تشدد کارروائیوں کی نئی لہر ناقابل قبول ہے۔ بیاں میں کہا گیا ہے کہ یہ واضح ہے کہ باگبو کی طرف سے اس ہفتے مذاکرات کی پیشکش صرف اس لیے کی گئی تھی تاکہ وہ اسے ایک بہانہ بنا کرعسکری طاقت جمع کر سکیں۔

مارک ٹونر نے اپنے بیان میں کہا کہ باگبو ہتھیاروں کا استعمال ترک کرتے ہوئے صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدوار وتارا کے حق میں فوری طور پر دستبردار ہو جائیں۔

Elfenbeinküste Fernsehrede von Alassane Ouattara
الاسان وتاراتصویر: dapd

باگبو کی فورسز نے ہفتے کےدن عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے والے صدر الاسان وتارا کے صدر دفتر پر حملہ کیا۔ گزشتہ برس نومبر میں متنازعہ صدارتی انتخابات کے بعد شکست کے باوجود باگبو نے اقتدار سے الگ ہونے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کے نتیجے میں ان انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدوار وتارا اور باگبو میں اقتدار کی رسہ کشی طول پکڑتی گئی اور انجام کار لڑائی شروع ہو گئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اقوام متحدہ کے ترجمان اور عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ دارالحکومت آبیجان میں فریقین کے مابین اس وقت بھی شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آبیجان میں گولف ہوٹل، جہاں وتارا صدارتی انتخابات کے بعد سے چھپے ہوئے ہیں،کو باگبو کی فورسز نے نشانہ بنایا ہے۔

متنازعہ صدارتی انتخابات کے بعد شروع ہونے والی جھڑپوں کے دوران پہلی مرتبہ اس مقام پر حملہ کیا گیا ہے جہاں وتارا موجود ہیں۔ دوسری طرف باگبو کی فورسز نے وتارا کے ہوٹل پر حملے کی خبروں کی تردید کی ہے۔

ہفتے کے دن آبیجان میں واقع برطانوی سفارت خانے کی عمارت بھی خالی کر دی گئی۔ یہ سفارت خانہ گولف ہوٹل کے قریب ہے، جہاں باگبو کی فورسز نے حملہ کیا۔ اے ایف پی نے بتایا ہے کہ برطانوی سفارت خانہ اس وقت خالی کرایا گیا، جب گولف ہوٹل پر حملے کے نتیجے میں گولیاں اور مارٹر گولے سفارت خانے پر بھی برسائے گئے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں