1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’بحرین کے امیر اسرائیلی بائیکاٹ ختم کرنے کا سوچ رہے ہیں‘‘

عابد حسین
22 ستمبر 2017

دو امریکی یہودی رابیوں نے انکشاف کیا ہے کہ بحرین کے امیر اسرائیل کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کی سوچ رکھتے ہیں۔ دونوں رابیوں نے یہ انکشاف بحرین کے بادشاہ کے بیٹے کے اعزاز میں دی گئی ایک تقریب میں کیا۔

https://p.dw.com/p/2kVpJ
Bahrain Emir Scheich Isa Bin Salman Al Chalifa
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Mograbi

امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقدہ اس تقریب میں امریکی یہودیوں کے دو انتہائی اہم مذہبی پیشواؤں نے بتایا کہ عرب دنیا کی جانب سے اسرائیل کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کے بارے میں بحرین کے امیر غور و خوص کر رہے ہیں۔

بحرینی امیر کے بیٹے شہزادہ ناصر بن حمد الحلیفہ کے اعزاز میں یہ تقریب یہودی ادارے سائمن ویزن تھال مرکز نے منعقد کی تھی۔ بحرینی شہزادے نے اس تقریب میں اعلان کیا کہ رواں برس اُن کے والد ادیان کے مابین مکالمت کے بین الاقوامی مرکز کا باضابطہ قیام چاہتے ہیں۔

سعودی عرب کے ساتھ فضائی معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، اسرائیل

سعودی عرب کے بعد ٹرمپ کا دورہ اسرائیل

سنی عرب ریاستوں کا اصل دشمن ’ایران‘ ہے، اسرائیلی وزیر خارجہ

ایران ہمیں ’تباہ کرنا‘ چاہتا ہے، سعودی وزیر خارجہ

رواں برس فروری میں بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے لاس اینجلس میں قائم یہودی ادارے سائمن ویزنتھال مرکز سے منسلک دو سینیئر رابیوں کو مدعو کیا تھا۔ ان میں ایک ماروِن ہیئر اور دوسرے ابراہم کوپر ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں مختلف ادیان کے مذہبی رہنماؤں کی جانب سے دعا کرنے والوں میں مارون ہیئر بھی شامل تھے۔

Rabbi Abraham Cooper von Simon Wiesenthal Zentrum
سائمن ویزنتھال مرکز کے رابی ابراہم کوپرتصویر: Getty Images

 بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے بیٹے کے اعزاز میں دی گئی تقریب میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رابی مارون ہیئر نے بتایا کہ بحرینی امیر کی میزبانی میں منعقدہ تقریب میں انہوں نے اسرائیلی مقاطع کے خاتمے کی اپنی سوچ ظاہر کی تھی۔ ہیئر نے واضح کیا کہ اس حوالے سے بحرینی امیر نے یہ بات بہت شفاف اور واضح انداز میں کی تھی۔ ہیئر نے بتایا کہ امیر نے کہا کہ عرب دنیا کو ایک نئی سوچ کی ضرورت ہے جو وقار اور برداشت پر مبنی ہو۔ اسی تقریب میں دوسرے رابی ابراہم کوپر نے بھی تقریر کی اور انہوں نے بھی کم و بیش وہی باتیں دہرئیں جو مارون ہیئر نے کہی تھیں۔

 تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہودی رابیوں کے اس انکشاف پر حیرت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ عرب دنیا حالیہ برسوں میں بہت سست رفتار کے ساتھ اسرائیل کی جانب بڑھتی محسوس کی جا رہی ہے کیونکہ فریقین کو یہ احساس ہے کہ ایران کی مشرقِ وسطیٰ بشمول خلیج فارس میں بڑھتی قوت بالخصوص عراق و شام میں عملی مداخلت کی وجہ سے عدم استحکام کا سبب بنتی جا رہی ہے۔ عرب دنیا اور اسرائیل کے درمیان کم ہوتی خلیج کی ایک مثال یہ ہے کہ ابھی چند روز قبل مصری صدر السیسی نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ نیویارک میں کھلے عام ملاقات کی ہے۔

خلیجی ریاست بحرین میں شیعہ اکثریتی آبادی ہے لیکن وہاں ایک چھوٹی سے یہودی اقلیت بھی بستی ہے۔ یہ تھوڑی تعداد کے یہودی کبھی کبھی خبروں کی زینت بھی بنتے ہیں۔ اسی عرب ریاست میں امریکی نیوی کے پانچویں بیڑے کا صدر دفتر قائم ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اسرائیل کا بائیکاٹ ختم کرنے کی پالیسی بحرین کے لیے ٹیسٹ کیس بن سکتا ہے۔