1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برازیل نے کنفیڈریشنز کپ جیت لیا

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: افسر اعوان29 جون 2009

پانچ مرتبہ فٹ بال کا عالمی کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم نے جنوبی افریقہ میں ہونے والا کنفیڈریشنز کپ امریکہ کو تین دو سے شکست دے کر اپنے نام کرلیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Icz3
تصویر: AP
Confed Cup USA gegen Brasilien in Johannesburg Südafrika
امریکہ کی ٹیم نے میچ کے پہلے حصّے میں دو گول کرکے برازیل کو ششدر کردیا تھاتصویر: AP


کنفیڈریشنز کپ کے فائنل میں امریکہ کو برازیل جیسی طاقتور ٹیم کا ہم پلّہ نہیں سمجھا جا رہا تھا تاہم میچ کے پہلے دور میں امریکہ نے برازیل کے خلاف دو گول اسکور کر ڈالے جس کے بعد یہ گمان ہو چلا تھا کہ امریکہ یہ میچ جیت جائے گا تاہم برازیل کی ٹیم نے میچ کے دوسرے حصّے میں سخت دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے امریکہ کے خلاف تین گول کیے اور ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔

برازیل کی جانب سے لوئی فابیانو نے میچ کے چھیالیسویں اور چوہترویں منٹ میں گول کرکے میچ برابر کردیا۔ کپتان لوشیو نے میچ کے چوراسیویں منٹ میں تیسرا گول کرکے برازیل کو فیصلہ کن برتری دلوادی۔

Brasilien gegen Italien während des Confederations Cup 2009
دو گولوں سے پیچھے ہونے کے باوجود برازیل نے عمدہ کھیل کیا مظاہرہ کیاتصویر: picture-alliance/ dpa


برازیل کی انیس سو ستانوے اور دو ہزار پانچ کے بعد کنفیڈریشنز کپ میں یہ تیسری فتح ہے۔

امریکی ٹیم کے کوچ کارلوس بوکانیگرا نے فائنل میں اپنی ٹیم کی شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میچ کے پہلے حصّے میں انتہائی عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد ان کی ٹیم دوسرے حصّے میں اتنا اچھا کھیل پیش نہ کرسکی۔ ان کا کہنا تھا کہ برازیل کی ٹیم نے دباؤ کا اچھے طریقے سے مقابلہ کیا اور یہی وجہ ہے کہ برازیل کی ٹیم نے یہ جیت اپنے نام کرلی۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں امریکی ٹیم کی کارکردگی کو بے حد سراہا گیا ہے۔ امریکہ نے سیمی فائنل میں عالمی چیمپیئن اسپین کو ہرا کر سب کو حیران کردیا تھا۔ اسپین کی ٹیم کنفیڈریشنز کپ میں تیسری پوزیشن پر رہی۔