1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برازیل گراں پری: جرمن ڈرائیور فیٹل کی جیت

8 نومبر 2010

فارمولا ون کار ریس کا سیزن اپنی منزل کو پہنچنے والا ہے۔ فیٹل نے ریس جیت کر چیمپئن ڈرائیور کا مقابلہ اور سخت کر دیا ہے۔ اب آخری ریس میں طے ہو گا کہ فیٹل، الونسو اور ویبر میں سے کون چیمپئن شپ کا تاج اپنے سر پر پہنے گا۔

https://p.dw.com/p/Q18J

فارمولا ون کی اس سال کی ریسوں میں جرمنی کے ڈرائیور سیباستیان فیٹل نے کئی مقابلوں کے دوران پول پوزیشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن جب باقاعدہ ریس کا مرحلہ آتا تھا، تو وہ مناسب کارکردگی نہیں دکھا پاتے تھے۔ اب تک وہ کل تین فارمولا ون مقابلوں میں جیت چکے ہیں اور برازیل میں ان کی چوتھی کامیابی تھی۔ انہوں نے ساؤپاؤلو کے ٹریک پر 71 چکروں پر مشتمل گراں پری ریس ایک گھنٹے 33 منٹ اور گیارہ سیکنڈ میں مکمل کی۔ برازیل میں گراں پری جیتنے کے حوالے سے مبصرین کا خیال ہے کہ اس ریس کے دوران فیٹل نے انتہائی چابکدستی اور عمدہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔

برازیل گراں پری میں ان کی ریڈ بُل ٹیم کے ساتھی، آسٹریلین ڈرائیور مارک ویبر نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ سابقہ عالمی نمبر ایک الونسو کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔ ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو الونسو اس سے قبل فارمولا ون مقابلوں میں چیمپئن شپ جیت چکے ہیں۔ گزشتہ دو چار سالوں کے بعد اس سال کے مقابلوں میں ان کی کارکردگی خاصی شاندار کہی جا سکتی ہے۔

Flash-Galerie Formel 1 Südkorea Vettel
برازیل گراں پری کے دوران فیٹل کی کار سب سے آگےتصویر: AP

برازیل گراں پری میں جرمن ڈرائیور کی کامیابی کے بعد اب چیمپئن شپ کا فیصلہ اس سال کی آخری ریس میں ہو گا۔ حتمی مقابلے کا مقام خلیج کی ایک ریاست ہے۔ ابو ظہبی میں میں ہونے والی گراں پری ریس کی تاریخ چودہ نومبر ہے۔ ڈرائیور چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سردست الونسو 246 پوائنٹس کے ساتھ سبقت لئے ہوئے ہیں۔ آٹھ پوائنٹس کے فرق کے ساتھ دوسری پوزیشن آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر کی ہے، جن کے 238 پوائنٹس ہیں جبکہ تیسری پوزیشن پر 231 پوائنٹس کے ساتھ جرمنی کے سیباستیان فیٹل ہیں۔ ایک ریس میں کامیابی پر کل پچیس پوائنٹس دئے جاتے ہیں۔ اگلی ریس میں الونسو دوسرے مقام پر بھی رہتے ہوئے ریس جیتنے کی پوزیشن میں ہوں گے کیونکہ بارہ پوائنٹس ملنے پر وہ فیٹل کی جیت کی صورت میں بھی سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے سبقت لے جائیں گے۔

جرمنی کے تاریخ ساز فارمولا ون ڈرائیور مشاعیل شوماخر بڑے طمطراق کے ساتھ اپنی ریٹائرمنٹ ختم کر کے فارمولا ون کی دنیا میں لوٹے تھے۔ جرمن کار ساز ادارے مرسیڈیز نے اس واپسی کے لئے ان کو کئی ملین ڈالر دئے تھے۔ ان کی کارکردگی مجموعی طور پر اوسط سے کم دکھائی دیتی ہے۔ وہ ٹاپ فائیو میں تو قطعاً پہنچنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں البتہ ٹاپ ٹین میں ضرور ہیں۔ ان کا مقام پوائنٹس ٹیبل میں نواں ہے۔ دفاعی چیمپئن جینسن بٹن بھی اپنے اعزاز کے دفاع میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں