1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی ایٹمی آبدوز پر فائرنگ، ایک اہلکار ہلاک

9 اپریل 2011

برطانیہ کی ایک بندرگاہ پر کھڑی ایک ایٹمی آبدوز پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں رائل نیوی کا ایک اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10qS0
تصویر: Lancashire Telegraph

لندن میں برطانوی وزارت دفاع اور پولیس حکام نے بتایا کہ اس فائرنگ کا ذمہ دار آبدوز کے عملے کا ایک ایسا رکن ہے جسے قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ لندن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ Astute نامی برطانوی ایٹمی آبدوز پر اس وقت پیش آیا جب وہ ساوتھیمپٹن کی بندرگاہ پر کھڑی تھی۔ زخمی ہونے والے بحریہ کے اہلکار کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔

Mehr als 20 Tote bei Havarie auf russischem Atom U-boot
تصویر: picture-alliance / dpa

برطانوی وزارت دفاع کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کے روز بعد دوپہر پیش آیا اور اس کا تعلق کسی قسم کی ممکنہ دہشت گردی سے نہیں تھا۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس نیوکلیئر آبدوز پر پیش آنے والے اس واقعے کی وجہ سے برطانوی پبلک کو کسی بھی وقت کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا۔

اس آبدوز کا وزن ساڑھے ساٹھ ہزار ٹن ہے اور یہ برطانیہ میں ایٹمی ایندھن سے چلنے والی آبدوزوں کی جدید ترین قسموں میں شمار ہوتی ہے۔

جمعہ کے روز Astute پر پیش آنے والا یہ واقعہ کسی برطانوی آبدوز پر پیش آنے والا اپنی نوعیت کا سب سے خونریز واقع قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ایٹمی آبدوز گزشتہ سال اگست سے برٹش نیوی کے استعمال میں ہے تاہم اس پر کو ئی ایٹمی ہتھیار موجود نہیں ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلی گراف کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اس آبدوز پر گارڈ کی ڈیوٹیاں تبدیل کی جا رہی تھیں۔ اس آبدوز کی تیاری پر ایک بلین پاؤنڈ خرچ ہوئے تھے اور اس کے عملے کی تعداد اٹھانوے ہے۔ یہ رپورٹیں بھی ملی ہیں کہ جس وقت یہ فائرنگ ہوئی تھی اس وقت اس آبدوز پر کئی اہم سول شخصیات بھی موجود تھیں تاہم اس فائرنگ کے نتیجے میں ان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت : شادی خان سیف