1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی روک لیجنڈ ڈیوڈ بووی انتقال کر گئے

عدنان اسحاق11 جنوری 2016

ڈیوڈ بووی کا شمار گزشتہ کئی دہائیوں سے روک میوزک کے معروف ترین گلوکاروں میں ہوتا تھا۔ ابھی جمعہ آٹھ جنوری کے روز ہی اپنی انہترویں سالگرہ کے موقع پر انہوں نے اپنا پچیسواں البم ریلیز کیا تھا۔ بووی اب ہم میں نہیں رہے۔

https://p.dw.com/p/1HbDT
تصویر: picture-alliance/dpa

برطانوی گلوکار ڈیوڈ بووی کا انتقال سرطان کے سبب ہوا۔ فیس بک اور ٹوئٹر پر جاری کیے جانے والے پیغامات کے مطابق بووی نے اتوار کے روز امریکی شہر نیویارک کے فیشن ایبل علاقے میں واقع اپارٹمنٹ میں اپنے اہل خانہ کی موجودگی میں آخری سانسیں لیں۔ بووی کے اہل خانہ نے افسوس کی اس گھڑی میں صحافیوں اور مداحوں سے اس خاندان کے نجی معاملات کا احترام کرنے کی درخواست کی ہے۔ ڈیوڈ بووی گزشتہ اٹھارہ ماہ سے سرطان کے عارضے میں مبتلا تھے۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے،’’میں ڈیوڈ بووی کی موسیقی کو سنتے ہوئے اور انہیں دیکھتے ہوئے جوان ہوا تھا۔ وہ موسیقی تخلیق کرنے کے ماہر تھے اور انہیں چیزیں صحیح انداز میں کرنے کا ڈھنگ آتا تھا۔ ان کی موت ایک بہت بڑا نقصان ہے۔‘‘

David Bowie Iggy Pop
تصویر: Getty Images/Evening Standard

ابھی گزشتہ جمعے کے روز ہی بووی نے بلیک اسٹار نامی اپنا اسٹوڈیو البم ریلیز کیا تھا۔ ان کے مداحوں کی جانب سے اس البم کو بہت پسند کیا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ ڈیوڈ بووی اپنے کیریئر کے دوران مسلسل تبدیلی کے عمل سے گزرتے رہے۔ اس سے قبل 2013ء میں ریلیز ہونے والے ان کے البم ’دی نیکسٹ ڈے‘ یا ’اگلے دن‘ کو کوئی خاص پذیرائی حاصل نہیں ہو سکی تھی۔

موسیقی کے شعبے کے ماہر کرسٹوف یاکے نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’’پاپ میوزک کی دنیا میں ڈیوڈ بووی کا نام ہمیشہ کے لیے درج ہو گیا ہے۔ وہ نئے آنے والے بینڈز کی بھرپور رہنمائی کرنے کے لیے ہمیشہ موجود رہتے تھے۔ بووی نے کبھی اس بات پر توجہ نہیں دی کہ انہیں مستقل نئے گانے پیش کرنے ہیں۔‘‘

1969ء میں ریلیز ہونے والے گیت Space Oddity نے بووی کو مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔ چار دہائیوں سے زائد عرصہ گزر جانے کے بعد بھی یہ گیت موسیقی کے دلدادہ حلقوں میں آج بھی بہت زیادہ سنا جاتا ہے۔ ان کے گیتوں کی 140 ملین سے زائد کاپیاں فروخت ہوئی ہیں لیکن میوزک کی دنیا کے لیے ان کی خدمات اس فروخت سے کہیں زیادہ وسیع ہیں۔ لیڈی گاگا سے لے کر بلر تک ایسے موسیقاروں اور گلوکاروں کی ایک طویل فہرست ہے، جو بووی کی خدمات اور ان کی اہمیت کے گن گاتے ہیں۔

ڈیوڈ بووی جنوری 1947ء کو جنوبی لندن کے علاقے ’برِکسٹن‘ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا اصل نام ڈیوڈ رابرٹ جونز تھا۔ تاہم انہوں نے بعد میں اپنا نام اس وجہ سے تبدیل کیا کہ ایک میوزک بینڈ ’منکِیز‘ کے گلوکار ڈیوی جونز سے ان کا نام کافی مماثلت رکھتا تھا۔ انہیں ڈر تھا کہ دونوں گلوکاروں کے ایک جیسے ناموں سے مداح پریشان بھی ہو سکتے تھے۔