1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی وزیراعظم امریکا کے بعد ترکی کے دورے پر

عابد حسین
28 جنوری 2017

امریکا میں ٹریزا مے نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کرنے کے علاوہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا تھا۔ امریکی دورے کے بعد وہ آج ترکی پہنچ گئی ہیں، جہاں وہ انقرہ میں ترک صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گی۔

https://p.dw.com/p/2WYl7
Treffen mit dem US-Präsidenten - May bei Trump
ڈونلڈ ٹرمپ اور ٹریزا مے امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس میںتصویر: Reuters/C. Barria

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے اپنی ملاقات میں سکیورٹی اور دو طرفہ تعاون کے معاملات پر فوکس کیا۔ یہ ملاقات جمعہ، ستائیس جنوری کوامریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس میں ہوئی تھی۔ برطانوی وزیراعظم جمعرات کے روز امریکی دورے پر پہنچی تھیں۔ اُن کے دورے کا بنیادی مقصد بریگزٹ، یا یورپی یونین سے برطانیہ کے خراج کے بعد برطانوی تجارت کو استحکام دینا ہے۔

 دونوں رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ اس پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے ساتھ امریکی کمٹ منٹ پورا کرنے کا اظہار بھی کیا۔ پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم مے کے ساتھ ملاقات سے برطانیہ کے ساتھ مستحکم امریکی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے برطانیہ کے ساتھ خصوصی تعلقات کے تناظر میں ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

 امریکی صدر اور برطانوی وزیراعظم کی ملاقات میں یہ بھی طے ہوا کہ دونوں ملک سکیورٹی اور خفیہ معلومات کے تبادلے کو مزید اہمیت دیتے ہوئے اِس عمل کو قؤت بخشیں گے۔ برطانوی وزیراعظم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اُن کا دورہء لندن اور واشنگٹن کے گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔ مے کے مطابق اُن کی ملاقات میں امریکی صدر نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی اہمیت کو تسلیم کیا کہ یہ مشترکہ دفاع کے لیے انتہائی اہم ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے کئی مرتبہ معربی دفاعی اتحاد نیٹو پر تنقید کی تھی۔

Die britische Premierministerin Theresa May spricht am 26.01.2017 in Philadelphia
برطانوی وزیراعظم امریکا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ترکی میں ہیںتصویر: Reuters/M. Makela

دونوں لیڈروں نے امریکی صدر کے دفتر میں رکھے ہوئے ونسٹن چرچل کے مجسمے کے ساتھ تصویر بھی بنائی۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران برطانوی وزیراعظم چرچل کے مجسمے کو اوول آفس سے سابق صدر اوباما نے ہٹا کر کسی اور مقام پر منتقل کر دیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ حلف اٹھانے کے بعد جب وائٹ ہاؤس میں اپنے دفتر پہنچے تو انہوں نے اِس مجسمے کو ایک مرتبہ پھر اوول آفس کی زینت بنا دیا۔

مے ترکی میں

امریکی دورہ مکمل کرنے کے بعد ٹریزا مے آج ہفتہ، اٹھائیس جنوری کی صبح ترکی پہنچ گئی ہیں۔ وہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقاتیں کریں گی۔ اس دورے میں بھی مے کا بنیادی مقصد بریگزٹ کے بعد کی سکیورٹی اور اقتصادی صورت حال پر ترک رہنماؤں کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھانا ہے۔ اس دورے میں نئے تجارتی روابط کے علاوہ سکیورٹی اسٹریٹجیک پارٹنرشپ کے معاملات پر بھی گفت گو کی جائے گی۔ بہ طور وزیراعظم ٹریزا مے اپنے پہلے دورے پر ترکی پہنچی ہیں۔