1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی وزیرِ اعظم براؤن پر اُن کی جماعت کی تنقید

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: امجد علی9 جون 2009

کابینہ کے متعدد وزراء کے استعفوں اور انگلش کاؤٹنی کونسلز کے ساتھ ساتھ یورپی پارلیمان کے انتخابات میں بھی لیبر پارٹی کی شکست کے بعد برطانوی وزیرِ اعظم گورڈن براؤن پر ان کی اپنی ہی جماعت کے اراکین کی تنقید بڑھ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/I5tG
آنے والے چند روز برطانوی وزیرِ اعظم براؤن کے مستقبل کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل قرار دئے جا رہے ہیںتصویر: AP
EU Wahlen zu EU Parlament in Brüssel
یورپی پارلیمان کے انتخابات میں براؤن کی لیبر پارٹی کو زبردست شکست سے دو چار ہونا پڑاتصویر: AP

پیر کے روز وزیرِ اعظم براؤن کو لیبر پارٹی کے بعض اراکین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اس حد تک کہ برطانوی وزیرِ اعظم براؤن کو اپنی کمزوریوں کا اعتراف کرنا پڑا۔ حکمران لیبر پارٹی کے گیارہ وزراء حالیہ کچھ عرصے میں اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ہیں اور گورڈن براؤن پر قبل از وقت انتخابات کرانے اور مستعفی ہونے کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ یہ دباؤ نہ صرف یہ کہ حزب مخالف جماعتوں کی طرف سے سامنے آ رہا ہے بلکہ خود حکمران جماعت میں بھی گورڈن براؤن کے ناقدین کی کمی نہیں ہے۔

اپنے اوپر تنقید کے جواب میں پیر کے روز گورڈن براؤن نے کہا کہ لیبر پارٹی کو اس بحران کے وقت اتحاد کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحران کا مقابلہ میدان چھوڑ کر نہیں بلکہ صورتِ حال کا سامنا کر کے کیا جاتا ہے۔

Gordon Brown
باون فیصد افراد چاہتے ہیں کہ براؤن اپنے عہدے سے فوری طور پر مستعفی ہو جائیں، رائے عامہ کے جائزے


یورپی پارلیمان کے اتوار کے روز اختتام پذیر ہونے والے انتخابات میں لیبر پارٹی نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ تیسرے نمبر پر رہی۔ برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی اور انڈیپینڈنس پارٹی پہلے اور دوسرے نمبر پر رہیں۔ اس صورتِ حال نے گورڈن براؤن کا سیاسی مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے۔

پیر کے روز ہونے والے لیبر پارٹی کے اجلاس میں وزیرِ داخلہ چارلس کلارک نے وزیرِ اعظم براؤن پر تنقید کرتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ تاہم یہ بھی اطلاعات ہیں کہ لیبر پارٹی میں اب بھی ایسے اراکین کی کمی نہیں، جو براؤن کی حمایت کر رہے ہیں۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق لیبر پارٹی کو دو ہزار دس کے وسط میں ہونے والے عام انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ جائزوں کے مطابق کنزرویٹو جماعت کے قائد ڈیوڈ کیمرون کو برطانیہ کےعوام کی واضح حمایت حاصل ہے جب کہ باون فیصد افراد چاہتے ہیں کہ براؤن اپنے عہدے سے فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔ اس حوالے سے آنے والے چند روز برطانوی وزیرِ اعظم براؤن کے مستقبل کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل قرار دئے جا رہے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید