1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’برطانیہ فرانس سے کیَلے مہاجرین ڈیل کا اعادہ چاہتا ہے‘

عاطف توقیر30 اگست 2016

برطانوی وزیر داخلہ امبر رُڈ منگل کو اپنے فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات کر کے شمالی فرانسیسی شہر کیَلے میں موجود ہزاروں مہاجرین کو برطانیہ پہنچنے سے روکنے سے متعلق ڈیل کو برقرار رکھنے پر بات کریں گی۔

https://p.dw.com/p/1JsBE
Frankreich Flüchtlingslager Jungle in Calais
تصویر: Getty Images/AFP/P. Huguen

فرانس اور برطانیہ کے درمیان اس معاہدے کے تحت کیَلے شہر میں ہزاروں مہاجرین اور سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو چینل ٹنل کے ذریعے برطانیہ پہنچنے سے روکا جاتا ہے، جب کہ یہ معاہدہ برطانیہ کو کَیلے میں سرحدی چیکنگ کا اختیار دیتا ہے۔

یہ ملاقات ایک ایسے موقع پر ہو رہی ہے، جب فرانسیسی صدارتی امیدوار اور سابق صدر نکولا سارکوزی نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ کو مہاجرین کا یہ معاملہ اپنی سرزمین پر حل کرنا چاہیے۔ اس سے قبل ایک اور قدامت پسند صدارتی امیدوار ایلیں یُوپ نے بھی ایسا ہی بیان دیا تھا۔

شمالی فرانسیسی شہر کَیلے میں واقع مہاجر بستی کو نہایت خراب حالت کی وجہ سے ’جنگل‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے، جب کہ یہاں تقریباﹰ سات ہزار مہاجرین موجود ہیں۔ غیرسرکاری امدادی تنظیمیں ان مہاجرین کی تعداد نو ہزار بتاتی ہیں۔

رُڈ کے ایک ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے، ’’ہم اپنی مشترکہ سرحد کی حفاظت کے لیے مشترکہ اقدامات کے عزم پر قائم ہیں۔‘‘

Frankreich Flüchtlingslager Jungle in Calais
کیلے میں ہزاروں مہاجرین موجود ہیںتصویر: Getty Images/AFP/P. Huguen

اس ترجمان کا کہنا تھا کہ رُڈ اپنے فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات میں سلامتی کے موضوع پر بھی بات چیت کریں گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’ہم اس اصول پر یقین رکھتے ہیں کہ کسی بھی مہاجر کو اس محفوظ ملک ہی میں پناہ دی جانا چاہیے، جس میں وہ سب سے پہلے داخل ہوا ہو۔‘‘

اس معاہدے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے برطانوی حکام کو فرانسیسی سر زمین پر پاسپورٹ چیک کرنے کے اختیارات حاصل ہیں۔

یہ بات اہم ہے کہ برطانیہ میں رواں برس جون میں منعقد ہونے والے ریفرنڈم میں عوام کی اکثریت نے یورپی یونین سے اخراج کے حق میں رائے دی تھی، جس کے بعد متعدد فرانسیسی رہنماؤں کی جانب سے کہا جا چکا ہے کہ اس صورت حال میں برطانیہ کے ساتھ سابقہ معاہدوں میں تبدیلی کی جانا چاہیے۔

سابق صدر نکولا سارکوزی نے کَیلے ریجن کے سربراہ خاویر بیرٹراں کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں برطانیہ کے ساتھ طے کردہ اس معاہدہ کو ختم کر کے برطانوی وزیراعظم ٹیریزا مے کے ساتھ کسی نئے نظام کے لیے نئے سرے سے مذاکرات کیے جانا چاہیں۔