1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برف کے لیے اسکاٹ لینڈ میں 421 الفاظ

عاطف توقیر23 ستمبر 2015

آرکٹک کے خطے کے ممالک میں بسنے والوں کے لیے برف باری زندگی کے معمولات کا حصہ ہے، یہی وجہ ہے کہ اس حوالے سے ان ممالک کی زبانوں کے پاس ذخیرہء الفاظ بھی غیر معمولی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Gbjj
Schneesturm Buffalo New York 18.11.2014
تصویر: picture-alliance/AP Photo/The Buffalo News, Harry Scull Jr.

آرکٹک کے تمام ہی ممالک اپنی زبانوں میں برف کے حوالے سے بہت سے الفاظ رکھتے ہیں، تاہم اگر ان ممالک میں مختلف طرح کی برف یا اس کی مختلف حالتوں کو بیان کرنے کے لیے میسر الفاظ کو سامنے رکھا جائے، تو اسکاٹش زبان سب سے آگے دکھائی دیتی ہے، جس کے ہاں ایسے 421 مختلف الفاظ موجود ہیں، جن کے ذریعے مختلف طرح کی برف کو بیان کیا جا سکتا ہے۔

گلاسکو یونیورسٹی کے محققین نے الفاظ کے مترادفات کے اعتبار سے ایک فہرست مرتب کی ہے، جس میں ’سناؤ‘ یا ملائم پرانی برف سے لے کر ’اسپیٹر‘ یا برف کے باریک قطروں اور ’فلنڈریکِن‘ یا ہلکی برفیلی بارش جیسے الفاظ شامل ہیں۔

BdT Deutschland Umzug in Taunstein
اس ملک کی زبان میں بارش اور نمی کے لیے بھی کئی طرح کے الفاظ ہیںتصویر: Reuters/M. Dalder

اس فہرست میں موسم اور کھیلوں سے متعلق مترادفات بدھ کے روز شائع کیے گئے ہیں۔

محققین کے مطابق اسکاٹ لینڈ کا سرمئی، بادلوں سے ڈھکا اور قریب تمام وقت ہلکی بارش کا حامل موسم اس ملک کی زبان میں بارش اور نمی کے لیے بھی کئی طرح کے الفاظ کی وجہ بنا ہے۔

گلاسکو یونیورسٹی میں انگریزی اور اسکاٹش زبان کی استاد سوزن رینی کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں موسم سے متعلق چیزوں کے لیے اس قدر زیادہ الفاظ کی موجودگی یہ بتاتی ہے کہ یہاں کے لوگوں کے لیے یہ کتنا اہم معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدیوں سے اسکاٹ لینڈ میں زراعت کو مرکزی حیثیت حاصل رہی ہے اور اسی لیے یہاں لوگوں کو موسم کے مختلف رنگوں کو نہایت باریکی سے اپنی زبان میں اظہاریے دینے کی ضرورت پڑی۔

اسکاٹش زبان کو، جسے بعض اوقات انگریزی ہی کا ایک لہجہ قرار دیا جاتا ہے، اسکاٹ لینڈ کی قوم پرست حکومت برطانیہ میں شامل اس ریاست کی ثقافت اور تاریخ کا بنیادی خاصہ قرار دیتی ہے۔

اسی لیے اسکاٹش اسکاٹ لینڈ میں سب سے زیادہ بولی جانے والی تین زبانوں میں سے ایک ہے۔ باقی دو زبانیں انگریزی اور گیلِک ہیں۔