1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلن حملے کا مشتبہ ملزم کہاں چھُپا ہے؟ تلاش یورپ بھر میں

علی کیفی
22 دسمبر 2016

جرمن دارالحکومت برلن کی ایک کرسمس مارکیٹ پر ایک ٹرک کے ذریعے حملے کے تیونس سے تعلق رکھنے والے مشتبہ ملزم انیس العامری کو یورپ بھر میں تلاش کیا جا رہا ہے۔ اطلاع دینے والے کے لیے ایک لاکھ یورو کا انعام رکھا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2UiRh
Deutschland Polizei Razzia Dortmund
تصویر: picture-alliance/dpa/B.Thissen

پیر کے روز ایک ٹرک کے ذریعے برلن کی ایک کرسمس مارکیٹ کو روند ڈالا گیا تھا اور اِس واقعے میں ایک اسرائیلی خاتون سمیت بارہ افراد ہلاک اور پچاس زخمی ہو گئے تھے۔ اس ٹرک کے اندر سے تیونس سے تعلق رکھنے والے انیس العامری کی شناختی دستاویزات ملی تھیں، جو ایک ہی سال پہلے جرمنی پہنچا تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک پاکستانی شہری نوید بلوچ کو گرفتار کر لیا تھا تاہم تحقیقات کے بعد اُسے یہ کہہ کر رہا کر دیا تھا کہ اُس کا اِس واقعے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

اب پولیس کا خیال ہے کہ اس واردات کے پیچھے چوبیس سالہ انیس العامری کا ہاتھ ہو سکتا ہے، جو پولیس کی معلومات کے مطابق اب تک چھ مختلف نام استعمال کر چکا ہے اور اپنا تعلق چھ مختلف ممالک سے ظاہر کر چکا ہے۔

بظاہر یہ ممکن نظر نہیں آتا کہ اگر انیس العامری ہی حملہ آور ہے تو وہ غلطی سے اپنی شناختی دشتاویزات ٹرک کے اندر بھول گیا ہو۔ ایسے میں پولیس اس رُخ پر بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ ممکن ہے کہ حملہ آور اِن شناختی دستاویزات کی مدد سے جان بوجھ کر پولیس کی تحقیقات کو غلط رُخ پر لے جانا چاہتا ہو۔

Fahndunsgfoto - Anis A. nach Terrorangriff Berliner Weihnachtsmarkt
جرمن پولیس اس سال برلن میں مارچ سے لے کر ستمبر تک انیس العامری کی خفیہ نگرانی کرتی رہیتصویر: picture-alliance/AP Photo/Police Handout

پولیس کی تحقیقات میں پیشرفت کا انحصار انیس العامری کی گرفتاری پر ہے، جس کے بارے میں کوئی بھی ٹھوس اطلاع فراہم کرنے والے کے لیے ایک لاکھ یورو کے انعام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے عوام کو خبردار بھی کیا ہے کہ چوبیس سالہ العامری مسلح ہو سکتا ہے اور خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

اسی دوران انیس  العامری کے ایک بھائی نے اُسے خود کو پولیس کے حوالے کر دینے کے لیے کہا ہے۔ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے باتیں کرتے ہوئےعبدالقادر العامری نے کہا:’’اُس کے لیے میرا پیغام یہ ہے کہ وہ خود کو حکام کے حوالے کر دے۔ اگر ثابت ہو گیا کہ وہ اِس میں ملوث ہے تو ہم اُس سے قطع تعلق کر لیں گے۔‘‘

عبدالقادر العامری کے مطابق اُس کا بھائی تیونس میں چند سال پہلے کی ’عرب اسپرنگ‘ نامی انقلابی تحریک کے دوران اٹلی چلا گیا تھا، جہاں اُسے جیل جانا پڑا تھا اور  ممکن ہے کہ وہیں اُس کا انتہا پسندوں سے رابطہ ہوا ہو۔

جرمنی بھر میں کئی مقامات پر انیس العامری کی تلاش میں چھاپے مارے جا چکے ہیں۔ ڈنمارک کی پولیس کو پتہ چلا کہ سویڈن کو جانے والے ایک بحری جہاز پر ایسا شخص موجود ہے، جس کی شکل انیس العامری سے ملتی جلتی ہے تاہم پولیس کو جہاز کی تلاش کے دوران ایسا کچھ نہ مل سکا، جس سے وہاں اس مشتبہ ملزم کی موجودگی ثابت ہوتی۔

Begegnungschor Berlin Gedächtniskirche Weihnachtsmarkt Anschlag Berlin
برلن کے مرکزی حصے میں پیر اُنیس دسمبر کی شام پیش آنے والے واقعے کے بعد سے پوری جرمن قوم سکتے کی سی کیفیت میں ہےتصویر: picture-alliance/dpa/B.Petersen

پولیس اس سال جولائی میں انیس العامری کی سیاسی پناہ کی درخواست رَد ہو جانے کے بعد اُسے جبراً وطن واپس بھیجنے کی کوشش کر رہی تھی لیکن ضروری شناختی دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے ایسا نہیں کر پا رہی تھی اور ویسے بھی تیونس نے اُسے اپنا شہری تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق انیس العامری تیونس اور اٹلی میں جیل میں رہ چکا ہے اور امریکی جریدے ’نیویارک ٹائمز‘ کے مطابق اُس نے انٹرنیٹ پر بم بنانے سے متعلق معلومات حاصل کی تھیں۔ انیس العامری اس سال فروری سے برلن میں مقیم تھا اور حکام کو ایسی معلومات ملی تھیں کہ وہ کہیں چوری کرنے کا پروگرام بنا رہا ہے تاکہ اُس پیسے سے خود کار ہتھیار خرید سکے اور پھر کچھ ساتھیوں کے ساتھ مل کر کوئی کارروائی کر سکے۔ اس سال مارچ سے لے کر ستمبر تک پولیس اُس کی خفیہ نگرانی بھی کرتی رہی لیکن پھر کوئی ٹھوس شواہد نہ ملنے پر یہ نگرانی ختم کر دی گئی۔