1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلن میں وفاقی پارلیمان کی عمارت میں ایک انوکھی نمائش

کشور مصطفیٰ30 نومبر 2015

وفاقی جرمن پارلیمان کی تاریخی عمارت کو بیس سال قبل سفید غلاف سے ڈھانک دیا گیا تھا۔ اُس تصوراتی آرٹ کی ایک نمائش کا آغاز برلن میں پارلیمان کی عمارت میں ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HEno
تصویر: picture-alliance/dpa/K. Gabbert

حال ہی میں جرمن دارالحکومت میں قائم وفاقی جرمن پارلیمان کی عمارت کی ایک منزل پر لگائی جانے والی اُس نمائش کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں 1995 ء میں اس شاندار اور بہت بڑی عمارت کو سفید چادر سے مکمل طور پر ڈھانک کر انوکھے فن کا مظاہرہ کرنے والے فنکار کرسٹو اور وفاقی جرمن پارلیمان کے صدر نوربرٹ لامرٹ بھی شامل تھے۔

بلغاریہ میں پیدا ہونے والے 80 سالہ کرسٹو اور اُن کی اہلیہ جین کلاؤڈ جولائی 1995ء میں برلن آئے تھے جہاں انہوں نے دو ہفتوں تک پارلیمان کی عمارت کو سفید غلاف سے ڈھانکنے کے انوکھے فن سے 5 ملین شائقین کو محظوظ کیا تھا۔

Berlin Reichstag Christo Ausstellung Verhüllter Reichstag
بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے فنکار کرسٹوتصویر: picture-alliance/dpa/K. Gabbert

برلن میں پارلیمانی عمارت میں اس نمائش کو مستقل طور پر شروع کیا گیا ہے۔ اس میں 400 اشیاء نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔ ان میں بیس سال قبل اس پوری عمارت کو جس شیٹ سے ڈھانکا گیا تھا اُس کے اصلی ٹُکڑے، ماڈلز، دستاویزات، تصاویر اور اسی فنکار کے مختلف خاکے شامل ہیں۔

بلغاریہ کے فنکار کرسٹو اپنے تمام فنی کاموں کے اخراجات خود پورے کرتے ہیں۔ اس کے لیے وہ اپنے فن پاروں کی فروخت سے کمائی جانے والی رقوم بروئے کار لاتے ہیں۔ انہوں نے 1995 ء سے اپنے اُس فن سے متعلق اشیاء کو سنبھال کر رکھا تھا اور اب انہی اشیاء کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔

Bildergalerie 20 Jahre Reichstagsverhüllung Christo mit Jeanne Claude
جولائی 1995ء میں کرسٹیو اپنی اہلیہ کے ساتھ برلن میںتصویر: picture alliance/AP Photo/J. Finck

رواں برس کے اوائل میں ایک جرمن تجارتی منتظم ادارے کے مالک اور فن کی سرپرستی کرنے والے لارس ونڈ ہورسٹ نے فنکار کرسٹو کے ان تمام فن پاروں کو خرید لیا جو جرمن پارلیمان کی عمارت کو غلاف چڑھانے کے فن میں انہوں نے بروئے کار لائے تھے۔ انہیں خرید کر فن کے قدر دان لارس نے ان اشیاء کو 20 سالوں کے لیے وفاقی جرمن پارلیمان کو بطور قرض دے دیا جس نے انہیں نمائش کے لیے رکھ دیا۔

اس نمائش کو دیکھنے کی اجازت صرف اُن شائقین کو ہوگی جو پارلیمان کی عمارت کا گائیڈڈ ٹور لیں گے اور نمائش دیکھنے کے لیے پیشگی بُکنگ کروائیں گے۔

برلن آنے والے زیادہ تر سیاح وفاقی جرمن پارلیمان کی اس شاندارعمارت کو اندر اور باہر سے دیکھنے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔

فنکار کرسٹو کی اہلیہ جین کلاؤڈ کا انتقال 2009 ء میں امریکی شہر نیو یارک میں ہوا تھا۔ تب سے وہ تنہا کام کر رہے ہیں۔