1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلینالے میں گولڈن اور سلور بیئر کی دوڑ شروع

11 فروری 2011

آنکھوں کو چکا چوند کرنے والی روشنیاں اور خوبصورت فلمی شخصیات کی چہل پہل کے ساتھ اکسٹھویں برلینالےکا افتتاح ہوگیا ہے۔ دنیا بھرکے فلمی میلوں کی طرح یہاں بھی ہالی وڈ کی موجودگی نمایاں طور پر محسوس کی جا سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/10Frq
تصویر: dapd

فروری کی بیس تاریخ تک جاری رہنے والے اس میلے میں اٹھاون ملکوں سے آنے والی چار سوکے قریب فلمیں دکھائی جا رہی ہیں۔ ساتھ ہی سولہ فلموں کے مابین گولڈن اور سلور بیئر کے حصول کی دوڑ شروع ہو گئی ہے۔

برلینالے کی افتتاحی تقریب میں سینما کی چمک دمک اور ہالی وڈ گلیمر کے ساتھ ساتھ سیاست کی بھی جھلک دکھائی دے رہی تھی۔ اس تقریب پر دو ہی موضوع چھائے رہے، پہلا ایرانی ہدایتکار اور فلم ساز جعفر پناہی اور دوسرا امریکی فلم ٹرو گرٹ۔ جعفر پناہی پر ایران سے باہر جانے پر پابندی ہے لیکن اس کے باوجود برلینالے کی انتظامیہ پُر امید ہے کہ شاید پناہی اس فیسٹیول میں شریک ہو ہی جائیں۔

Flash-Galerie Berlinale 2011 61. Internationale Filmfestspiele Berlin
جوئل اور ایتھن کوئن کے حوالے سے سب ایک بات پر متفق ہیں کہ ان کی ڈائریکشن کمال کی ہوتی ہےتصویر: dapd

اس موقع پر جیوری کی سربراہ ازابیلا روسیلینی نے کہا کہ پناہی سے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی کرسی خالی رکھی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے پناہی کی جانب سے لکھا گیا ایک انتہائی جذباتی خط بھی پڑھ کر سنایا، جس میں تحریر تھا، ’’مجھے امید ہے کہ جب میری سزا ختم ہو گی تو میں ایک ایسی دنیا دیکھوں گا اور اس کا سفر کر سکوں گا، جہاں نہ تو نسلی، نہ ہی مذہبی اور نہ ہی نظریاتی سرحدیں موجود ہوں گی۔‘‘

جعفر پناہی کو2009ء میں ایران میں صدر احمدی نژاد کے خلاف ہونے والے ہنگاموں پر ایک فلم بنانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اگرچہ آج کل وہ ضمانت پر رہا ہیں تاہم ان کے ایران سے باہر جانے پر پابندی ہے۔

جیوری کے ایک اور رکن اور بھارتی سٹار عامر خان کا اس موقع پرکہنا تھا، انہوں نے بھی ایرانی حکام سے درخواست کی ہے کہ جعفر پناہی کو اس فیسٹیول میں شرکت کرنے دی جائے۔ عامر خان نے کہا، ان کی خواہش ہےکہ پناہی برلن آئیں اور فلمی دنیا کے تمام افراد ان کے ساتھ ہیں۔

برلینالے کا آغاز کوئن برادرز کی ہدایات میں بنی ہوئی امریکی فلم ٹرو گرٹ سے ہوا۔ جوئل اور ایتھن کوئن کے حوالے سے سب ایک بات پر متفق ہیں کہ ان کی ڈائریکشن کمال کی ہوتی ہے۔ ٹروگرٹ ایک ایسی نوجوان لڑکی کے بارے میں ہے، جو اپنےوالد کے قتل کا بدلہ لینے کا تہیہ کیے ہوتی ہے۔ ٹروگرٹ ایک پرانی ویسٹرن فلم کی ری میک ہے۔ اس سے قبل اسی نام سے ایک فلم 1969ء میں ریلیز ہو چکی ہے۔ اُس وقت جون وین کو ان کے کردار پر آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔

Flash-Galerie Berlinale 2011 61. Internationale Filmfestspiele Berlin
میری خواہش ہےکہ پناہی برلن آئیں اور فلمی دنیا کے تمام افراد ان کے ساتھ ہیں، عامر خانتصویر: dapd

10 فروری کو شروع ہونے والے اس میلے میں مختلف ممالک کی سولہ فلموں کے درمیان گولڈن اور سلور بیئرکے حصول کی دوڑ شروع ہو چکی ہے۔ مقابلے کی فلموں میں دیگر فلموں کے ساتھ ساتھ کیون اسپیسی اور جیریمی آئرنز کی فلم ’مارجن کال‘‘ اور ہدیاتکارہ پاؤلا مارکووچ کی ’ایل پریمو‘ بھی شامل ہیں۔ دوجرمن ہدایتکار آندریس وایَل اپنی فلمWer Wenn nicht Wir اور اُلرِش کوہلر اپنی فلم Schlafkrankeit کے ساتھ برلینالےمیں موجود ہیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: امجد علی