1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بريگزٹ، اب زيادہ مہاجرين برطانيہ جانے کی کوشش کريں گے‘

عاصم سليم28 جون 2016

برطانيہ کو يورپ سے ملانے والی يورو ٹنل کی منتظم کمپنی کے سربراہ ژاک گُونوں نے متنبہ کيا ہے کہ ’بريگزٹ‘ کے نتيجے ميں يہ ممکن ہے کہ فرانس سے اضافی تعداد ميں مہاجرين برطانيہ ميں داخل ہونے کی کوشش کريں۔

https://p.dw.com/p/1JF3M
تصویر: picture-alliance/empics/Y. Mok

برطانيہ ميں تيئس جون کو منعقدہ ريفرنڈم ميں عوام نے يورپی يونين سے اخراج کے حق ميں فيصلہ کيا۔ اس صورتحال کے تناظر میں يورو ٹنل کی منتظم کمپنی کے سربراہ ژاک گُونوں نے خدشہ ظاہر کيا ہے کہ بريگزٹ پر عملدرآمد کی صورت ميں تارکين وطن اب ہر ممکن کوشش کر سکتے ہيں کہ کسی نہ کسی طرح برطانيہ ميں داخل ہو سکيں۔ انہوں نے يہ بات فرانسيسی ساحلی شہر کيلے ميں پير ستائيس جون کو ايک پريس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

کيلے وہ مرکزی شہر ہے، جو فرانس کو روڈ، ريل گاڑی اور سمندری راستے کے ذریعے برطانيہ سے ملاتا ہے۔ اسی شہر ميں ’جنگل‘ کے نام سے جانا جانے والا ايک مہاجر کيمپ، بے شمار وجوہات کی بناء پر ايک عرصے تک ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ اس کيمپ ميں ہزاروں مہاجرين برطانيہ پہنچنے کی اميديں لگائے کئی ماہ تک قيام کيے رہے۔

ژاک گُونوں نے کيلے ميں پير کے روز اضافی سکيورٹی اقدامات کے حوالے سے پريس کانفرنس سے خطاب کيا۔ مہاجرين کی جانب سے غير قانونی طور پر برطانيہ ہجرت کی ممکنہ کوششوں پر نظر رکھنے کے ليے شمالی فرانس ميں کوکوليس کے مقام پر دو بغير پائلٹ والے ڈرون طيارے رکھنے کا فيصلہ کيا گيا ہے۔

يہ امر اہم ہے کہ بريگزٹ کے حوالے سے گزشتہ جمعرات کے روز منعقدہ ريفرنڈم کے بعد بازار حصص ميں يورو ٹنل کے شيئرز کی قدر ميں ستائيس فيصد کی کمی نوٹ کی جا چکی ہے۔