1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بزرگ شاعر ہِگنس آئرلینڈ کے صدر منتخب

29 اکتوبر 2011

آئرلینڈ کے صدارتی انتخابات میں بزرگ شاعر مائیکل ڈی ہِگنس کامیاب ہو گئے ہیں۔ نتائج کے مطابق ستّر سالہ ہِگنس نے ریالٹی ٹی وی اسٹار اور سابق آئی آر اے کمانڈر کو پچھاڑ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/131Ph
تصویر: picture alliance/dpa

مائیکل ہِگنس میری مک الیس کی جگہ لیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ’سب لوگوں کے لیے صدر‘ ہوں گے۔ آئرلینڈ میں صدر کا عہدہ محض رسمی ہونے کے باوجود علامتی طور پر اہم خیال کیا جاتا ہے۔

آزاد امیدوار سین گیلیگر دوسرے نمبر پر رہے ہیں جبکہ Sinn Fein پارٹی کے مارٹن مکگینس تیسری پوزیشن پر رہے ہیں۔

ابتدائی نتائج آنے کے بعد سابق آرٹ منسٹر ہِگنس نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا: ’’میں بہت خوش ہوں کہ یہ اس قدر فیصلہ کُن ہے۔ اس طرح میں سب لوگوں کے لیے صدر بن سکوں گا۔‘‘

آئرلینڈ کے پیچیدہ انتخابی نظام کے تحت ہِگنس کو انتالیس اعشایہ چھ فیصد فرسٹ پریفرنس کے ووٹ ملے ہیں۔ ریالٹی ٹی وی شو ’ڈریگن ڈین‘ سے شہرت پانے والے گیلیگر کو اٹھائیس اعشاریہ پانچ فیصد جبکہ مکگینس کو تیرہ اعشاریہ سات فیصد ووٹ ملے۔ امیدواروں کی کُل تعداد سات تھی۔

انتخابی نتائج کے اجراء سے قبل گیلیگر نے ایک بیان میں کہا: ’’میں نے مائیکل ڈی ہِگنس کو ان کی کارکردگی اور انتخابی جیت پر مبارکباد دینے کے لیے فون کیا۔‘‘

Irland Wahl Präsidentschaftskandidat Sean Gallagher
سین گیلیگر اپنی اہلیہ کے ساتھتصویر: picture alliance/dpa

انہوں نے مزید کہا: ’’انہیں صدر کے طور پر میری بھرپور معاونت حاصل رہے گی اور میں مثبت مہم چلانے کے لیے خلوصِ دل سے ان کا شکر گزار ہوں۔ ان کا نعرہ تھا کہ وہ ایک ایسے صدر ہوں گے، جن پر فخر کیا جا سکے اور مجھے یقین ہے کہ ایسا ہی ہوگا۔‘‘

انتخابی مہم کے آخری ہفتوں تک سامنے آنے والے رائے عامہ کے جائزوں میں ہِگنس گیلیگر سے پیچھے تھے۔ تاہم گیلیگر کی اس برتری کا اثر اس وقت زائل ہوتا دکھائی دیا، جب مارٹن مکگینس نے ٹیلی وژن پر براہ راست نشر ہونے والے مباحثے میں ان پر ایک سزا یافتہ شخص سے پانچ ہزار یورو کا ہدیہ وصول کرنے کا الزام عائد کیا۔

تاہم گیلیگر نے یہ الزام مسترد کر دیا تھا۔ انہوں نے جواب میں مکگینس پر ’سیاسی قتل‘ کی مہم چلانے کا الزام لگایا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان