1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بعض حلقوں کے بیانات قومی مقاصد کے لیے نقصان دہ، راحیل شریف

بینش جاوید12 اگست 2016

پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، اس آپریشن سے حاصل نتائج سے توجہ ہٹانے والے بیانات مددگار ثابت نہیں ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/1JhN4
Pakistan Raheel Sharif in Rawalpindi
ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے تمام سکیورٹی اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کی خدمات کو سراہتے ہیں، آرمی چیفتصویر: ISPR

پاکستانی فوج کے شعبہء تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے آج فوجی ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی قیادت کی۔ اس اجلاس میں پرنسپل اسٹاف افسران، ڈی جی آئی ایس آئی اور راولپنڈی کور کے کمانڈر شریک تھے۔ اس اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان اور فوجی آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے آرمی چیف نے کہا، ’’نیشنل ایکشن پلان ہمارے مقاصد کے حصول کے لیے مرکزی اہمیت رکھتا ہے اوراس پر پیش رفت نہ ہونے سے آپریشن ضرب عضب کا حتمی مرحلہ متاثر ہو رہا ہے۔‘‘

آرمی چیف نے کہا کہ جب تک تمام فریقین معنی خیز نتائج نہیں دیتے اور تمام کمزوریوں کو دور نہیں کرلیا جاتا، تب تک دہشت گردی کا ناسور ملک سے ختم نہیں ہوگا اور امن و امان کا حصول ممکن نہ ہوگا۔

Pakistan Quetta Bombenanschlag vor einer Klinik
کوئٹہ میں دہشت گردانہ حملے میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھےتصویر: Getty Images/AFP/B. Khan

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا،’’ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں، پوری قوم سکیورٹی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘ پاکستان کی فوج کے سربراہ نے کہا کہ جب آپریشن ضرب عضب کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں تو ایسے موقع پر اس آپریشن سے حاصل نتائج سے توجہ ہٹانے والے بیانات مددگار ثابت نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بعض حلقوں کے بیانات اور تجزیے قومی مقاصد کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

Pakistan Eröffnung des neuen Parlaments 1. Juni 2013
بم دھماکا خفیہ ایجنسیوں کی ناکامی ہے، محمود خان اچکزئیتصویر: picture-alliance/dpa

واضح رہے کہ رواں ہفتے پیر کے روز کوئٹہ میں دہشت گردانہ حملے میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں محمود خان اچکزئی کے علاوہ قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف خورشید شاہ، اعتزاز احسن اور کچھ دیگر سیاسی رہنماؤں نے کہا تھا کہ کوئٹہ میں بم دھماکا خفیہ ایجنسیوں کی ناکامی ہے۔ رکن پارلیمان محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کہا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری بھارتی خفیہ ادارے ’را‘ پر عائد کرنے سے کام نہیں چلے گا اور ملکی جمہوری قیادت کو سکیورٹی ایجنسیوں کے افسران کو برطرف کر دینا چاہیے جو اپنی ذمہ داریاں بہ خوبی انجام دینے میں ناکام رہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے تمام سکیورٹی اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کی خدمات کو سراہتے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید