1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بغداد بم دھماکوں میں چار ہلاک، متعدد زخمی

10 ستمبر 2009

عراقی دارالحکومت بغداد میں سڑک پر نصب دو بم دھماکوں میں کم از کم چار افراد ہلاک جب کہ 29 زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکے بغداد کے ایک مصروف بازار میں ہوئے۔

https://p.dw.com/p/JZMn
گزشتہ کچھ عرصے میں عراق میں پرتشدد کارروائیوں میں کئی گنا اضافہ دیکھا گیا ہےتصویر: AP

دارالحکومت بغداد کے جنوب میں مصروف علاقے محمودیہ میں ہونے والے ان دھماکوں میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس علاقے میں شیعہ اور سنی مسلکوں کے درمیان تناؤ پایا جاتا ہے۔ دوہزار چھ اور دوہزار سات میں اسی علاقے میں شیعہ اور سنی عسکری تنظیمیوں کی لڑائی میں درجنوں افراد مارے گئے تھے۔ تاہم بعد میں اس علاقے میں پرتشدد واقعات میں کمی ہو گئی تھی۔

اس سے قبل عراق کے شمال میں کرد آبادی والے علاقے میں ٹرک بم حملے میں کم از کم چوبیس افراد ہلاک جب کہ 40 ست زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

عراق کے شمالی شہر موصل سے تیس کلومیڑ کے فاصلے پر واقع کردشہر وردیک میں دھاکہ خیز مواد سے بھرا ٹرک اڑا دیا گیا۔ مقامی پولیس کے مطابق اس حملے میں متعدد مکانات بھی منہدم ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

موصل اور اس کے نواحی علاقے اب بھی عسکریت پسندوں کو بڑا ٹھکانہ سمجھے جاتے ہیں۔ اس علاقے میں کردوں اور عربوں کے درمیان طاقت کے حصول کی کوشش ایک عرصے سے جاری ہے۔ عسکریت پسند اب تک کئی دیہات کو حملوں کا نشانہ بنا چکے ہیں۔

دھماکہ خیز مواد سے بھرے ایک اور ٹرک کے ڈرائیور کو مقامی کرد ملیشیا نے اس حملے سے قبل ہلاک کر دیا ۔ عراقی پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھرا دوسرا ٹرک تلاش کرکے تباہ کر دیا گیا ہے۔

ایک ماہ قبل اسی علاقے میں یکے بعد دیگرے دو ٹرک بم حملوں میں 82 افراد ہلاک جب کہ 130 زخمی ہو گئے تھے۔ جب کہ دوسری جانب اسی روز عراقی دارالحکومت بغداد میں بھی دو بم دھماکے ہوئے تھے جن میں 16 افراد مارے گئے تھے جبکہ 80 سے زائد زخمی ہو گئے۔

عراقی شہروں سے امریکی فوج کے انخلاء کے بعد اِس ملک میں شدت پسندوں کی جانب سے پُرتشدد کارروائیوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشور مصطفیٰ