1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بغداد میں صدر بش کے لئے پریشانی کا ایک لمحہ

15 دسمبر 2008

بغداد میں امریکی صدر جارج ڈبلیو بش اور عراقی وزیراعظم نوری المالکی کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اچانک ایک صحافی کھڑا ہو گیااور اس نے یکے بعد دیگرے اپنے دونوں جوتے صدر بش پر پھینکے۔

https://p.dw.com/p/GGa5
تصویر: AP

جوتے پھینکنے کے بعد اس صحافی نے چیخ کر کہا :’’یہ ہےعراقی عوام کی طرف سے تمہارا الوداعی بوسہ‘‘۔

بش نے فوراً سر جھکا لیا اور وہ بال بال بچ گے۔ دونوں جوتے زور سے ان کے پیچھے دیوار پرلگے۔ سیکیورٹی اہلکار فوراً حرکت میں آ گئے اور اسے گرفتار کر کے لے گئے۔

US Präsident George W. Bush beim Abschiedsbesuch im Irak
تصویر: AP

کسی شخص کو جوتا مارنا یا اسے جوتے کے تلوے دکھانا، پھر اسے کتے جیسے جانورسے تشبیہ دینا جسےمشرق وسطیٰ کے ملکوں میں نجس جانورسمجھا جاتا ہے، عرب دنیا میں کسی شخص کی انتہائی بےعزتی کرنے کا غالباً یہ سب سے واضح طریقہ ہے۔

صدر بش کی پریس کانفرنس میں جوتا پھینکنے والے صحافی منتظرالزیدی کے ایک ساتھی محمد عبدالرحمان نے بتایا:’’ وہ اپنے آپ کو قابو میں نہ رکھ سکا کیوں کہ بش عراق میں حاصل کی جانے والی ’کامیابیوں‘ کا ذکرکررہے تھے، جو ہمیں تو کہیں نظر نہیں آتیں بلکہ اس کے برعکس آج ملک میں بجلی نہیں، خدمات کے شعبے نہیں، تعمیرنو، کچھ بھی نہیں۔ اس لئے وہ بش کی یہ کہہ کربےعزتی کرنا چاہتا تھا، کہ دیکھو! تم جھوٹے ہو ہم اس بات کو نہیں مانتے‘‘۔

Afghanistan Bush trifft Präsident Karsai
عراق کے بعد صدر بش اچانک افغانستان پہنچ گے۔تصویر: AP

عبدالرحمان نے کہا کہ تاریخ کی ستم ظریفی دیکھئیے۔ 2003 میں جب بش نے صدام حسین کا تختہ الٹا تو لوگوں نے بغداد میں صدام کے گرے بت کو جوتوں سے مار کراپنی نفرت کا اظہار کیا۔ آج یہی جوتے بش کو پڑ رہے ہیں۔

امریکی صدرجارج ڈبلیو بش نے ایک بار پھرعراق جنگ کا دفاع کیا اوراسے درست قرار دیا۔ حالانکہ نہ صرف لاکھوں عراقی بلکہ 4200 سے زائد امریکی فوجی بھی اب تک اس کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ بش اور مالکی نے ایک معاہدے پر بھی دستخط کئے جس کے تحت اگلے سال جون تک امریکی فوجی دستے عراقی شہروں سے پیچھے ہٹ جائیں گے اور 2011 کے آخرتک عراق خالی کر چکے ہوں گے۔

عراق کے بعد صدر بش اچانک افغانستان پہنچ گے۔ جہاں انہوں نے صدر حامد کرزئی کے علاوہ وہاں موجود امریکی دستوں سے بھی خصوصی ملاقات کی۔