1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلائنڈ کرکٹ: پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت میں

16 مئی 2011

اس سال دسمبر میں ہونے والے نابینا کھلاڑیوں کے کر کٹ کے اولین ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقا بلوں کی میزبانی بھارت کرے گا جبکہ 2014ء میں نابینا کھلاڑیوں کے لیے ون ڈے کرکٹ کا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ بھی منعقد کرایا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/11Gl3
یہ ورلڈ کپ بنگلور میں کھیلا جائے گاتصویر: AP

ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر ڈیوڈ ٹاؤنلی نے دبئی میں بتایا کہ اس کونسل کے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے دو روزہ اجلاس میں رائے شماری کے نتیجے میں رکن ملکوں نے اپنی مشاورت کے آخری دن یعنی اتوار کو یہ فیصلہ کیا کہ نابینا کھلاڑیوں کے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے اپنی نوعیت کے اولین ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کو دے دی جائے۔

بھارت میں یہ ٹورنامنٹ جنوبی شہر بنگلور میں اس سال تین دسمبر کو شروع ہو گا۔ ابھی تک اس ٹورنامنٹ میں مقابلوں کا شیڈول حتمی طور طے نہیں ہوا تاہم یہ بات یقینی ہے کہ یہ ورلڈ کپ مقابلے زیادہ سے زیادہ چودہ روز تک جاری رہیں گے۔

ڈیوڈ ٹاؤنلی کے مطابق ان ورلڈ کپ مقابلوں میں ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے رکن ملک شرکت کریں گے، جن میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، نیپال، ویسٹ انڈ‌یز اور انگلینڈ شامل ہیں۔

Flash-Galerie Entstehung der Schrift - Blindenschrift
تعلیم اور مطالعے کی خاطر نابینا افراد کے لیے تیار کردہ بریل سسٹمتصویر: picture alliance/dpa

دبئی میں ہونے والے نابینا کھلاڑیوں سے متعلق عالمی کرکٹ کونسل کے اس اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سن 2014 میں نابینا کھلاڑیوں کے لیے ایک روزہ میچوں کے ورلڈ کپ مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ان مقابلوں کے میزبان ملک کا انتخاب اس سال ستمبر میں عمل میں آئے گا۔ ڈیوڈ ٹاؤنلی کے مطابق اب تک بلائنڈ کرکٹ کے ون ڈے مقابلوں کے اس عالمی کپ کی میزبانی کے لیے پاکستان اور جنوبی افریقہ نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم ان ملکوں کی طرف سے تاحال کوئی باقاعدہ درخواستیں نہیں دی گئیں۔

معمول کی بین الاقوامی کرکٹ کے ون ڈے مقابلوں کے اس سال ہونے والے ورلڈ کپ کا اہتمام کرکٹ کے نگران عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کیا تھا اور اس کی میزبانی مشترکہ طور پر بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش نے کی تھی۔ کرکٹ کا یہ ون ڈے ورلڈ کپ میزبان ملک بھارت نے جیتا تھا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں