1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلوچستان میں حکومتی رِٹ ہر حال میں، رحمٰن ملک

16 ستمبر 2010

پاکستانی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے ڈوئچے ویلے کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ بلوچستان میں سوات اور مالا کنڈ جیسا آپریشن نہیں ہوگا لیکن اگر وہاں کسی نے حکومت کی رٹ کو چیلنج کیا تو حکومت ایکشن ضرور لے گی۔

https://p.dw.com/p/PDlD
’بلوچ عوام سازشوں کو ناکام بنائیں‘تصویر: Abdul Sabooh

رحمٰن ملک کے بقول افغانستان پر واضح کر دیا گیا ہے کہ پڑوسی ممالک سے اسلحہ کی اسمگلنگ اور طالبان کی نقل و حرکت بند ہونی چاہئے جبکہ بلوچستان میں سرگرم پانچ انتہا پسند تنظیموں پر بھی پابندی لگائی جا چکی ہے۔

Pakistan Demonstration Belutschistan
رحمٰن ملک کے بقول نام نہاد رہنما بلوچ نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیںتصویر: AP

کراچی میں ڈوئچے ویلے کو دئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں پاکستانی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام سے کہتے ہیں کہ وہ پاکستان توڑنے والوں کی سازش کو ناکام بنائیں۔ ’’بعض نام نہاد رہنما بڑی بڑی رقوم کے عوض بلوچ نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں جبکہ یہی برائے نام رہنما خود بیرون ملک آرام کی زندگی گزار رہے ہیں۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ان کا حالیہ دورہء بلوچستان کو پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر نہیں بلکہ بعض نام نہاد رہنما اپنے سیاسی بیانات کے ذریعے ہدف تنقید بنا رہے ہیں حالانکہ وہ صرف اور صرف ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔

رحمٰن ملک نے کہا کہ ان رہنماﺅں سے وہ یہ پوچھتے ہیں کہ جب نوجوانوں کو ٹارگٹ کلنگ میں ہلاک کیا جاتا ہے تو اس کے خلاف کوئی آواز کیوں نہیں اٹھاتا۔ لہٰذا ایسے واقعات کی روک تھام بحیثیت وفاقی وزیر داخلہ ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر وہ یہ حقائق ضرور سامنے لائیں گے کہ بلوچستان میں بد امنی کے لئے وسائل کون فراہم کر رہا ہے۔

NO FLASH Anschlag Quetta Pakistan
بلوچستان میں امن عامہ کی صورت حال حکومت کے لئے ایک بڑا مسئلہ ہےتصویر: AP

رحمٰن ملک نے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں تمام معلومات خفیہ اداروں کی فراہم کردہ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کو دیکھتے ہوئے ان کو یقین ہے کہ وہ وقت ضرور آئے گا جب گمراہ اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت آپریشن کے لئے خود عوام ہی آواز اٹھائیں گے۔

فرنٹیئر کور کو دئے گئے اختیارات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ فورس صوبائی حکومت کے زیر کمان تو نہیں ہو گی تاہم اسے کہاں استعمال کرنا ہے، یہ اختیار انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو دے دیا ہے۔

رپورٹ: رفعت سعید، کراچی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں