1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلوچستان میں نیٹو کے تین آئل ٹینکر نذر آتش

21 جنوری 2011

جنوب مغربی پاکستان میں جمعہ کے روز کئی مسلح افراد نے افغانستان میں نیٹو دستوں کے لیے سپلائی لے کر جانے والے ٹینکروں پر تین مختلف حملے کیے، جن میں ایسے تین ٹینکر نذر آتش کر دیے گئے اور دو افراد زخمی بھی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/100mH
اسلام آباد کے قریب مسلح حملے کا نشانہ بننے والا نیٹو کا ایک سپلائی ڈپو، فائل فوٹوتصویر: Shakoor Raheem

ایسا پہلا حملہ قلات شہر میں کیا گیا، جو تیل اور قدرتی گیس کی دولت سے مالا مال صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے جنوب کی طرف قریب 160 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ بلوچستان میں پاکستان کی بین الاقوامی سرحدیں ایران اور افغانستان دونو‌ں سے ملتی ہیں۔

قلات کے ایک مقامی پولیس افسر لال جان نے فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ اس حملے میں ایک موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے اس آئل ٹینکر کو روکا اور پھر اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

Pakistan Anschlag auf NATO Konvoi
بلوچستان کے شہر چمن میں حملے کا نشانہ بننے والا نیٹو کا ایک ٹرک، فائل فوٹوتصویر: AP

لال جان نے مزید بتایا کہ دوسرے حملے میں دو مسلح افراد نے کوئٹہ سے 40 کلو میٹر جنوب کی طرف مستونگ کے ضلع میں نیٹو کے لیے پٹرول لے کر جانے والے ایک اور آئل ٹینکر کو آگ لگا دی۔ صوبائی حکومت کے ایک اعلیٰ اہلکار سعید عمرانی نے ان واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

نیٹو فوجیوں کے لیے تیل کی سپلائی لے کر جانے والے ایک تیسرے ٹینکر پر حملہ ودھ کے قصبے میں کیا گیا، جو صوبائی دارالحکومت سے جنوب کی طرف 370 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔

پولیس ذرائع نے AFP کو اس حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں مسلح حملہ آوروں نے ڈرائیور کو رکنے کے لیے کہا اور جب ڈرائیور نے یہ ٹینکر نہ روکا تو انتہاپسندوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں اس گاڑی کا ڈرائیور اور اس کا ساتھی بری طرح زخمی ہو گئے۔ ان واقعات سے محض چند روز قبل بلوچستان ہی میں کئی مسلح افراد نے ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے میں بھی نیٹو کے 16 آئل ٹینکروں کو آگ لگا دی تھی۔

پاکستانی صوبہ بلوچستان میں عسکریت پسند نیٹو کے لیے تیل اور دیگر سامان رسد لے کر جانے والے سپلائی ٹرکوں کو مسلسل اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایسے ہی ایک بڑے واقعے میں گزشتہ برس اکتوبر میں بھی مسلح عسکریت پسندوں نے صوبے میں متری کے دور دراز علاقے میں مغربی دفاعی اتحاد کے 29 29 آئل ٹینکر نذر آتش کر دیے تھے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں