1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلیک واٹر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ خارج

1 جنوری 2010

ایک امریکی وفاقی جج نے امریکی سکیورٹی ایجسنی بلیک واٹر کے ان پانچ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ خارج کردیا ہے جن پر ستمبر 2007ء میں عراقی دارالحکومت بغداد میں 14 سویلین افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کا الزام تھا۔

https://p.dw.com/p/LIQo
تصویر: AP

جج نے اس موقع پر کہا کہ اس کیس میں امریکی حکومت مدعا علیہان کو حاصل قانونی حقوق کی صریح پامالی کی مرتکب ہوئی ہے۔

امریکی ڈسٹرکٹ جج ریکارڈو اُربینا نے کہا کہ استغاثہ نے بلیک واٹر گارڈز کے ان بیانات کا غلط استعمال کیا ہے، جو انہوں نے وزارتِ خارجہ کے تفتیش کاروں کو نوکری سے برخواستی کی دھمکی پر دیے تھے۔

امریکی سیکیورٹی کمپنی بلیک واٹر کے ان پانچ اہلکاروں پر گزشتہ سال مقدمہ قائم کیا گیا تھا اور ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ستمبر 2007ء میں بغداد میں ایک ہجوم پر فائرنگ کی تھی، جس میں 14 عام شہری ہلاک ہوگئے تھے اور جس پر عراق بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

Irakische Proteste gegen iranische Besetzung eines Ölfeldes
14 عام شہریوں کی ہلاکت پر عراق بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔تصویر: AP

Paul Slough, Evan Liverty, Dustin Heard, Donald Ball اور Nicholas Slatten، کے خلاف قائم کئے گئے اس مقدمے میں اقدام قتل کے 14اور قتل کی کوشش کے 20 الزامات کے علاوہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا بھی الزام تھا۔

فائرنگ کے اس واقعے کے بعد بلیک واٹر کمپنی کا بغداد میں امریکی ایمبیسی کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا کانٹریکٹ کینسل کر دیا گیا تھا۔

امریکی عدالت کے اس فیصلے پر عراقی وزیر برائے حقوقِ انسانی نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔ وجدان میخیل نے اس حوالے سے کہا کہ ان ملزمان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے اور ان کو سزا دلانے کے لئے بہت زیادہ چھان بین اور محنت کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں کہ جج نے ایسا فیصلہ کیوں دیا۔

ادھر عراقی حکومت کے ایک ترجمان نے کہا کہ بلیک واٹر کے ان اہلکاروں کے خلاف مقدمہ خارج کئے جانے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔ حکومتی ترجمان علی الدباغ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کو امریکی عدالت کی طرف سے بلیک واٹر گارڈز کے خلاف مقدمہ خارج کئے جانے پر بے حد افسوس ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراقی حکومت اس فائرنگ کا شکار ہونے والے افراد، ان کے اہل خانہ اور عراقی شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ان افراد کو سزا دلانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : امجد علی